• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات فوری ہٹاکر محکمے کی اراضی واگزار کرائی جائے، ریاض خان کی ہدایت

پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے محکمے کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی اراضی کی نشاندھی کرکے اس پر قائم تجاوزات کو ہٹایا جائے اور ہیوی مشینری کو کارآمد اور محفوظ بنانے کیلئے طریقہ کاربھی تشکیل دیا جائے۔ یہ ہدایات معاون خصوصی نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی مشینری اور اراضی کے بارے میں پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ شرکاء اجلاس کو سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات اعجاز انصاری نے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں مینیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی اور چیف انجینئرز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں محکمے کی کار آمد اور ناکارہ ہیوی مشینری سمیت اراضی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران پورے صوبے میں مشینری کو کارآمد اور محفوظ بنانے کیلئے دو میکینیل ڈویژ بنانے کا منصوبہ زیر غور لایا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ مقصد کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو متعلقہ حکام کو سفارشات مرتب کر کے پیش کرے گی۔ اس موقع پر معاون خصوصی ریاض خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ کی اراضی کی نشاندھی کی جائے اور جہاں بھی تجاوزات ہیں انہیں فوری ہٹاکر محکمے کی اراضی واگزار کرائی جائے۔معاون خصوصی نے کہا کہ محکمہ کے اثاثے قوم کی امانت ہیں۔ محکمے کے اہلکار پوری ایمانداری سے ان کی حفاظت یقینی بنا کر عوام کے بہتر مفاد میں انہیں استعمال کریں۔
تازہ ترین