مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے بالا کوٹ کا ڈراما پلواما میں مارے جانے والے بھارتی فوجیوں کا بدلہ لینے کے لیے نہیں بلکہ انتخابات میں اپنی جماعت بی جے پی کو سیاسی فائدہ پہنچانے کے لیے کیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے پارلیمانی انتخابات جیتنے کے لیے بالا کوٹ کا ڈراما رچایا اور مودی حکومت کے چہیتے اینکر ارناب گوسوامی کی چیٹ سے بھی یہ ثابت ہوگیا کہ مودی نے صرف الیکشن جیتنے کے لیے یہ ناٹک کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ دونوں بھارتی اینکر ارناب گوسوامی کی واٹس چیٹ لیک ہوئی تھی جس کے مطابق گوسوامی کو بالا کوٹ پر بھارتی کارروائی اور آرٹیکل 370 کے خاتمے سے متعلق اعلیٰ ترین سطح پر ہونے والے حکومتی فیصلوں کا پہلے سے علم تھا اور مودی حکومت پاکستان مخالف کارروائی سے عوام کو خوش کرنا چاہتی تھی۔