• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک کشمیر برطانیہ یوم یکجہتی کشمیر پر پروگرامز منعقد کرے گی

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے یکم فروری سے پروگراموں کا آغاز ہوگا ،اس حوالے سےپہلی آن لائن زوم کانفرنس میں ٹریڈ یونین اور مختلف برطانوی سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ رہنما شرکت کریں گے ،پروگرام کا اہتمام تحریک کشمیر کے مرکزی رہنما خواجہ محمد سلیمان کریں گے ،اسی طرح کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گاجس میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنما، کونسلرز ،خواتین تنظیموں کی رہنما شرکت کریں گی ،اس پروگرام کو ریحانہ علی اور سردار آفتاب ایڈوکیٹ منظم کریں گے، تیسری انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کے مہمان خصوصی صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان ہوں گے، ممبران پارلیمنٹ اور دیگر کشمیری اور پاکستانی رہنما خطاب کریں گے، راجہ فہیم کیانی صدر تحریک کشمیر برطانیہ اس کی صدارت کریں گے ،چوتھی کانفرنس 5فروری کو ہوگی جس میں بانی یوم یکجہتی کشمیر قاضی حسین احمدمرحوم کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، جنرل سیکرٹری حافظ آزاد چوہدری، نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم، ڈپٹی جنرل سیکرٹری چوہدری لقمان زاہد، سائوتھ زون کے صدر چوہدری زاہد اقبال، نارتھ زون کے صدر سردار حفیظ خان، برمنگھم کے صدر راجہ قمر عباس ،مڈلینڈ کے صدر فرید الدین لودھی نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف دنیا بھر سے آوازیں بلند ہو رہی ہیں گذشتہ روز برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے بھارت کے ظلم اور بربریت کو بے نقاب کیا ہے ۔ راجہ فہیم کیانی نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ پروگراموں سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اہل کشمیر کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ آزادی کی جدوجہد میں وہ تنہا نہیں ہیں اور بھارت پر واضح کیا جائے گا بھارت فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔
تازہ ترین