• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدسہ بانو لیبر پارٹی کی جانب سے کونسلر کی نشست کیلئے امیدوار نامزد

ما نچسٹر(غلام مصطفی مغل) مانچسٹر کی ویلی رینج وارڈ سے لیبر پارٹی نے مانچسٹر کی خاتون صحافی مقدسہ بانو کو آئندہ لوکل الیکشن میں کونسلر کی نشست کےلئے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ ان کے چناؤ میں ویلی رینج کی ایشیائی کمیونٹی سمیت کونسلر آفتاب رزاق اور مقامی صحافیوںنے اہم کردار ادا کیا ہے ۔کوروناوائرس کے باعث انتخابی اجلاس زوم کے ذریعے ہوا جس میں مقدسہ بانو سب سے زیادہ ووٹ لے کر ویلی رینج سے لیبر پارٹی کی کونسلرکی امیدوار منتخب ہو گئی ہیں۔ مقامی کمیونٹی نے مقدسہ بانوں کے چناؤ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے کونسلر بننے سے مانچسٹر سٹی کونسل میں ایشیائی کونسلروں کا گروپ مضبوط ہوگا ۔نیز اس سے عورتوں کے حقوق کی جدوجہدکو بھی مدد ملے گی۔دوسری جانب پریس کلب آف پاکستان یوکے کا ایک اجلاس نصر اللہ خان مغل کی صدارت میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے محبوب الٰہی بٹ ‘ چوہدری پرویز مسیح مٹو‘ شفیق الزمان ‘ سہیل حیدر سہوترا ‘ گلزار خان ‘ نعیم واعظ‘ سیمسن جاوید ‘ غلام رسول شہزاد ‘ جاوید بھٹی ‘ راجہ خورشید حمید اور دیگر ارکان نے اپنی صدر محترمہ مقدسہ بانو کے چناؤ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی انتخابی مہم میںبھرپور تعاون کیا جائے گا۔مقدسہ بانومانچسٹر کی پہلی ایشیائی خاتون صحافی ہیں جن کو یہ مقام حاصل ہوا ہے جو صحافیوں اورصحافت کے پیشے کےلئے فخر کا باعث ہے - دریں اثناءاپنے چناؤ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مقدسہ بانو نے واضح کیا کہ ان کا انتخاب کے ویلی رینج کی لیبر پارٹی کے ارکان نے انہیں جو عزت بخشی ہے وہ اسے ہمیشہ مدنظر رکھیں گی اور عوام کی حقوق کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی ۔
تازہ ترین