• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میراڈونا کے حالاتِ زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ریلیز ہوتے ہی مقبول

بیونس آئرس(مانیٹرنگ ڈیسک)فٹبال لیجنڈ ڈیاگو میراڈونا کے حالاتِ زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے فٹبال لیجنڈ ڈیاگو میراڈونا کے حالاتِ زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ’میراڈونا کو کس چیز نے مارا‘ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔یاد رہے کہ میراڈونا کا شمار دنیا کے بہترین فٹبالرز میں ہوتا تھا وہ 4 عالمی فٹبال کپ میں ارجنٹینا کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھتے تھے۔ یہ دستاویزی فلم 45منٹ پر مشتمل ہے ، اس دستاویزی فلم میں دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی میراڈونا کی زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے اور ان تمام لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جو میرا ڈونا کے نہایت قریب رہے تھے۔دستاویزی فلم کے مطابق غربت کے باعث ان کی صحتمند پرورش نہیں ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ بچپن میں جسمانی اعتبار سے مضبوط و توانا بھی نہیں تھے۔میرا ڈونا کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے مضر صحت اشیا کا استعمال کرکے بھی اپنی صحت کو خراب کیا تھا۔اس حوالے سے دستاویزی فلم میں اسپورٹس کارڈیالوجی کے پروفیسر نے کہا کہ مجھے شک ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی سے ان کی رگوں میں کورٹیسون ڈالی گئی۔خیال رہے کیونکہ کورٹیسون ناصرف جوڑوں کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ اس کے اثرات پورے جسم پر بھی ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ ’واٹ کِلڈ میراڈونا‘ یا ’میراڈونا کو کس چیز نے مارا‘ کے عنوان سے ایک دستاویزی (ڈاکو مینٹری) فلم بنائی ڈسکوری پلس پر دکھائی گئی۔

تازہ ترین