• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی ریلیز ایک بار پھر مؤخر، نئی تاریخ 8 اکتوبر کا اعلان

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کی وبا کے باعث اگرچہ ہولی وڈ کی آنے والی شہرہ آفاق فلم ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کی نمائش تین بار مؤخر کی گئی تھی مگر اب ایک بار پھر مذکورہ فلم کی ریلیز مؤخر کردی گئی۔’جیمز بانڈ‘ کی آنے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو اپریل 2021 میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔اگرچہ ’جیمز بانڈ‘ کی طرح دیگر فلموں کی ریلیز بھی مؤخر یا ملتوی ہوتی رہی تاہم بعد ازاں کئی میگا بجٹ فلموں کو آن لائن ریلیز کیا گیا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ ’جیمز بانڈ‘ کو بھی آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔تاہم اب فلم کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ فلم کو اپریل کے بجائے اکتوبر 2021 میں ریلیز کیا جائے گا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر اکتوبر تک بھی سینما تھیٹرز نہ کھلے تو فلم کی ریلیز مزید وقت کے لیے مؤخر کی جا سکتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جیمز بانڈ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر فلم کو 8 اکتوبر 2021 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔اس وقت امریکا سے لے کر برطانیہ، یورپ سے لے کر ایشیا کے زیادہ تر ممالک میں سینما تھیٹرز بند ہیں جب کہ دیگر معمولات زندگی پر بھی پابندیاں عائد ہیں، جس کی وجہ سے پروڈکشن کمپنیاں فلموں کو ریلیز نہیں کر رہیں۔’جیمز بانڈ‘ کی آنے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ سیریز میں آخری بار برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ کو جاسوس کا مرکزی کردار نبھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ٹریلر میں ان کے ساتھ ہی آئندہ جاسوس کا کردار نبھانے والی اداکارہ لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا ہے۔ٹریلر میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ یعنی ڈینیئل کریگ کو خطرناک مشن کو مکمل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار شائقین فلم میں سائنس فکشن فلموں جیسی کاریں اور موٹر سائکلیں بھی فلم میں دیکھ سکیں گے۔

تازہ ترین