• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براڈشیٹ سے تعلق نہیں،ادائیگی نہ کرتے تو ایک دن کا سود 11 لاکھ دینا پڑتا، عمران خان

براڈشیٹ سے تعلق نہیں،ادائیگی نہ کرتے تو ایک دن کا سود 11 لاکھ دینا پڑتا، عمران خان


اسلام آباد(ایجنسیاں‘جنگ نیوز)وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ براڈ شیٹ کے معاملے سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں‘ یہ معاہدہ پرویز مشرف نے کیا تھا‘ معاہدے کے تحت حکومت کو رقم دینا تھی، اگرادائیگی نہ کرتے توایک دن کا سود 5 ہزار پاؤنڈ ( 11لاکھ روپے) دینا پڑتا۔راوی منصوبہ لاہور کے عوام کے لیے سماجی اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔ 

پاکستان میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظہبی گروپ کے وفدسے گفتگو ‘راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس اور ایک انٹرویو میں کیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہناتھاکہ براڈ شیٹ نے نواز شریف کے 800 ملین ڈالرز کے اثاثے ڈھونڈ کر نکالے، اس پر عدالت نے کہا کہ واقعی نوازشریف کے اثاثے تھے۔پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کا کیس بدنیتی پرمبنی ہے، الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے۔ بجلی کی قیمت اس لیے بڑھائی کہ ملک پر مزید قرضےنہیں چڑھا سکتے ۔

ادھرعمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ، والٹن ائیر پورٹ کی منتقلی اور پنجاب کے چھوٹے شہروں کے اطراف میںعوام کو سستی رہائش کی فراہمی کے منصوبے کے حوالے سے پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا۔

عمران خان نے منصوبے کی افادیت کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام کے لیے یہ منصوبہ سماجی اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے عرصہ دراز سے غیر استعمال شدہ زمین پر معیاری تعمیرات سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔

دریں اثناءوزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظہبی گروپ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں ظہبی گروپ کے سی ای او تنویر حسین اعوان، ڈائریکٹر سلمان ناصر عبداللہ البدی اور پاکستان کے کنٹری ہیڈ محمد شہباز خان شامل تھے ۔ 

ادھر عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں شفافیت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے کا احترام کرے گی‘ سینیٹ انتخابات میں ماضی میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ کی تاریخ گواہ ہے، چاہتے ہیں کہ ایوانِ بالا کے ارکان شفاف طریقے سے منتخب ہو کر آئیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر سجادطوری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ 

دریں اثناءعمران خان نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ رمضان المبارک میں عوام کوبلاتعطل اشیائے خوردونوش کی فراہمی کم نرخ پر یقینی بنانے کے لئے بروقت اقدامات اٹھائیں ۔ 

وزیرِ اعظم کی زیر صدارت جمعہ کوبنیادی اشیائے ضروریہ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔وزیر اعظم نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے عام آدمی کو اشیائے ضرور یہ کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔

عمران خان سے کاروباری شخصیت جاوید آفریدی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی اور ملک میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے اشاریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

تازہ ترین