• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریکارڈ مکمل حالت میں نہ رکھنے اور کوتاہی برتنے پر تین پٹواری معطل

پشاور(وقائع نگار)عوام کی سہولت اور ان کے مسائل کے فوری حل کیلئےڈپٹی کمشنر ریونیو دربار منعقد کیا گیا۔ ریونیو دربار میں ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمدعمران خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) شمع نعمت،اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)ڈاکٹر احتشام الحق،ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اصغرخان سمیت ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران، تحصیلداران، سب رجسٹرار، گرداوران، پٹواریاں اور دیگرنے شرکت کی۔ اس موقع پر209 درخواست دہندگان نے ریونیو دربار میں ڈپٹی کمشنر پشاور سمیت دیگر افسران سے ملاقات کر کے اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔ ۔ریو نیو دربار میں بیشتر درخواستوں پر موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے ریکارڈ میں ان کے نام کی درستگی کے حوالے سے احکامات جاری کیے۔ ریو نیو دربار میں عوام اپنے درمیان ڈپٹی کمشنر پشاور کو دیکھ کر ان سے گل مل گئے اور ان سے اپنے ریو نیو کے مسائل کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور نے ان کی شکایات پران کے مسائل کے حل کے لیے فوری ہدایات جاری کیں۔ ریو نیو دربار میں ڈپٹی کمشنر نے پٹواریوں کے رجسٹر و ریکارڈ بھی چیک کیے اور ریکارڈ مکمل حالت میں نہ رکھنے اور کوتاہی برتنے پر تین پٹواریوں کو معطل کر دیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق ریونیو دربار لگانے کا مقصد عوامی مسائل کا فوری حل ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل اولین ترجیحات میں ہے اور اس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
تازہ ترین