• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزدور کش پالیسی کیخلاف گورنمنٹ ایمپلائز کورآرڈینیشن کادھرنے کا اعلان

پشاور(وقائع نگار)بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری‘پیسکو میں پرائیویٹ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی‘ بھرتیوں میں غیر معمولی تاخیر اور ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل منیجر منصور کی مزدور کش پالیسی کے خلاف آل گورنمنٹ ایمپلائز کورآرڈینیشن کونسل نے25جنوری 2021ء کو صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان آل گورنمنٹ ایمپلائز کورآرڈینیشن کونسل خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری‘ واپڈا ہائیڈرو یونین کے صوبائی سیکرٹری نور الاامین حیدرزئی نے گزشتہ روز کورآرڈنیشن کونسل کے صدر ا سلم خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین محمد ریاض خان کے علاوہ کورآرڈینیشن کونسل سے ملحقہ تنظیموں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت آئی ایم ایف کی مزدور کش اور ملک دشمن ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ اصلاحات‘ انصاف اور جمہوریت کی دعویدار حکومت اپنی وعدوں اور منشور سے ہٹ کر بے روزگاری میں کمی کی بجائے محنت کشوں کے بچوں کے منہ سے نوالہ چھین رہی ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے محنت کشوں کے بچے دووقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔ اس نا انصافی کے خلاف صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین متحد ہیں۔25جنوری 2021ء کو صوبائی اسمبلی کے سامنے آل گورنمنٹ ایمپلائز کورآرڈینشن کونسل کے زیر ا ہتمام سرکاری ملازمین اپنی بھرپور قوت کا مظاہرہ کریں گے۔
تازہ ترین