• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے مخالف ہوگے تو نیب کا لیٹر آئے گا، مصطفیٰ کمال


چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال کاکہنا ہے کہ عمران خان کے مخالف ہوگے تو نیب کا لیٹر آئے گا،ایم کیو ایم جیسی جماعت کو اب تک نیب کا نوٹس کیوں نہیں آیا ہے۔

احتساب عدالت کراچی میں کلفٹن اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاق اتحادیوں کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے،گورنر ہاؤس سیاسی دفتر بنا ہوا ہے۔

مصطفیٰ کمال کاکہنا تھا کہ گورنر ہاؤس مخالفین کو کچلنے کیلئے استعمال ہو رہا ہے، گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اسے پی ٹی آئی کا آفس بنایا ہوا ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے ایک بار پھر کہا کہ کراچی اب خاموش نہیں رہےگا، مردم شماری میں شہرکی آبادی کو کم گنا گیا ہے،آبادی کو صحیح گنا جائے تو قومی اسمبلی کی 40 سیٹیں ہوںگی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مردم شماری پر خاموش ہوئے تو تباہ ہوجائیں گے،وزیر اعظم آپ یو ٹرن کے ماسٹر ہو اس پر بھی یوٹرن لو،مردم شماری پر یوٹرن لوگے تو پچھلے یو ٹرن جائز بنالو گے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ گنتی درست نہ ہو تو کیا خاک روزگار ملے گا۔

اس سے قبل احتساب عدالت میں کلفٹن اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے دوران چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ تفتیشی افسر اور گواہ غیر حاضر رہے۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں جو دستاویزات فراہم کیے وہ پڑھنے کے قابل نہیں، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر اصل دستاویزات لیکر پیش ہوں۔

کیس میں بیشتر ملزمان کے وکلاء کی کاپی ٹھیک نہ ہونے کی شکایت پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریفرنس کی کاپی درست نہیں ہوگی تو پڑھا کیسے جائے گا۔

وکیل حسان صابر نے کہا کہ آج ہی تفتیشی افسر کو بلواکر کاپی درست کروالیں، کیس میں نیب پراسیکیوٹرکا کہنا تھا کہ ملزمان نے کلفٹن کی اراضی غیر قانونی الاٹ کی ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر اور گواہ کی غیر حاضر ی کے سبب کیس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔


تازہ ترین