• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انکتا نے سشانت کی کونسی چیز سنبھال کر رکھی ہوئی ہے؟

آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی سابقہ گرل فرینڈ انکتا لوکھنڈے نے سشانت سے بریک اپ ہونے کے بعد اور اب اُن کے مرنے کے بعد بھی اُن کی ایک نشانی ابھی تک اپنے پاس سنبھال کر رکھی ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روز قبل یعنی 21 جنوری کو سشانت کے مداح اُن کی 35ویں سالگرہ منارہے تھے، اس موقع پر اُن کی سابقہ گرل فرینڈ انکتا لوکھنڈے بھی انہیں یاد کر کے افسردہ ہوگئیں ، سشانت کی سالگرہ کے دن انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ابھی تک سشانت کے نام کی ’نیم پلیٹ‘ سنبھال کر رکھی ہوئی ہے۔

سشانت اور انکتا کے دوست ’سندیپ سنگھ‘ نے اپنے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ سشانت سے بریک اپ کے بعد آج بھی انکتا لوکھنڈے نے اپنے گھر کی نیم پلٹ سے سشانت سنگھ راجپوت کا نام نہیں ہٹایا ہے۔

خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت اور ٹی وی اداکارہ انکتا لوکھنڈے نے 6 سال ریلیشن شپ میں رہنے کے بعد ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، دونوں نے ایسا کیوں کیا اس کی وجہ اب تک سامنے نہیں آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت اور انکتا کے اہل خانہ بھی دونوں کے اس رشتے سے بے حد خوش تھے، وہ دونوں شادی کرنا چاہتے تھے لیکن پھر اچانک پتا نہیں ایسا کیا ہوگیا کہ دونوں نےاپنے 6 سال کے اس رشتے کو توڑ دیا۔

سشانت اور انکتا کی جوڑی کا شمار ٹی وی کی بہترین جوڑیوں میں ہونے لگا تھا، ان دونوں نے ایک ڈانس رئیلٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘ میں بھی حصہ لیا تھا اور وہیں سشانت نے مادھوری دکشٹ اور پریانکا چوپڑا کے سامنے انکتا کو شادی کی پیشکش کی تھی۔

سشانت نے انکتا کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ’اتنے دنوں سے جو میں کھل کر نہیں کہہ پا رہا تھا وہ آج کہتا ہوں۔‘ سشانت نے انکتا کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے مزید کہا کہ’تم اتنی خوبصورت ہو کہ تمہارے لیے سات خون بھی معاف اور میں اگلے سات جنم تک تمہارا ساتھ چاہتا ہوں۔‘

اپنا رشتہ ختم کرنے کے حوالے سے سشانت اور انکتا نے کبھی بھی بات نہیں کی لیکن انکتا جانتی تھیں کہ سشانت اُن سے بے حد محبت کرتے ہیں اور وہ اُنہیں دھوکا نہیں دے رہے۔

تازہ ترین