• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بائیڈن ایک کمزور، تقسیم شدہ، خوفزدہ امریکا کے صدر بنے ہیں، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہاہے کہ بائیڈن ایک کمزور،تقسیم شدہ،خوفزدہ امریکا کے صدربنے ہیں،پھونک پھونک کرقدم رکھ رہے ہیں۔پروگرام میں استاد، دانشور، ڈاکٹر عادل نجم،دانشور، مصنف، ڈاکٹر اکبر ایس احمد اور چیئرمین خارجہ امور کمیٹی ،سینیٹر مشاہد حسین سیدنے اظہار خیال کیا۔

استاد، دانشور، ڈاکٹر عادل نجم نےکہا کہ جوبائیڈن 80 ملین سے زائد ووٹ لے کر آئے ہیں ۔امریکا میں جو غصہ تھا ڈونلڈ ٹرمپ اس کے مظہر اور علامت بن گئے ہیں۔عصبیت ، تعصب اور جذبات کے جن کو بوتل میں واپس ڈالنا اب ڈونلڈ ٹرمپ کے بس میں بھی نہیں ہوگا۔مسلمانوں کے خلاف نفرت ایک دم نہیں جائے گی اس کے لئے ہمیں بہت کام کرنا ہوگا۔

ٹرمپ نے افغانستان سے نکلنے کی پوری کوشش کی اور یہی کوشش اب امریکا کے ہر صدر کی ہوگی۔جوبائیڈن کا خارجہ پالیسی پر عبور تمام صدور سے زیادہ ہے ۔بائیڈن کے پاس پاکستان کا ایجنڈا نہیں ہے۔کوئی صدر، پاکستان کے لئے اچھا نہیں ہوتا امریکا کا صدر امریکا کا صدر ہوتا ہے۔

اگر اس کے دور میں پاکستان کی ضرورت ہو تو وہ پاکستان کی طرف خم ہوجاتا ہے ۔پاکستان کو امریکا کے ساتھ تعلقا ت اپنے ذاتی مفاد کو مد نظر رکھتے ہونا قائم کرنا چاہئیں۔دانشور، مصنف، ڈاکٹر اکبر ایس احمدنےکہا کہ جو بائیڈن خارجہ پالیسی میں زیادہ تبدیلی نہیں لائیں گے۔ٹرمپ نے امریکا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کی۔

مشرق وسطیٰ، اسرائیل اور اسرائیل کے بارے میں خارجہ پالیسی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ایڈوائس پر قائم ہوگی۔یمن اور ایران کا معاملہ آہستہ آہستہ حل ہوگا۔چیئرمین خارجہ امور کمیٹی ،سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ مسلمانوں کا ایشو بش کے بعد سے چل رہا ہے وار اینڈ ٹیرر دراصل وار آن مسلم ورلڈ ہی تھی ۔

اوباما نے نام نہیں لیا مگر اس کو جاری رکھا۔ٹرمپ کی پالیسی تعصب ، تقسیم اور تضاد پر قائم تھی ۔اوباما کے بعد سفید فاموں میں ایک رد عمل بھی تھا کہ کالے غلبہ حاصل کررہے ہیں۔بائیڈن نے آکر جو تبدیلی کی ہے یہ خوشگوار تبدیلی ہے اس کے اثرات مثبت ہوں گے۔

ایران پر بائیڈن نے کہا ہے کہ ہم نیو کلیئر ڈیل بحال کریں گے۔سعودیہ عربیہ نے یمن میں جو جنگ شروع کی ہے ہم اس کی حمایت اب نہیں کریں گے۔اس سے شاید یہ ہوگا کہ پاک سعودیہ تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔

بائیڈن ایک کمزور ، تقسیم شدہ، خوفزدہ امریکا کے صدر بنے ہیں اس لئے وہ پھونک پھونک کر قدم رکھ رہے ہیں۔

تازہ ترین