• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے مسائل حل کیلئے اسٹیک ہولڈر آگے بڑھیں، مقررین

اسلام آباد(طاہر خلیل ) اسلام آباد میں بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے قومی سیمینار میں مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہےکہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کو سیکورٹی امور سے الگ رکھا جائے ،بلوچستان کے سیاسی مسائل کے حل کیلئے قومی اتفاق رائے سے سیاستدان اور سٹیک ہولڈرز آگے بڑھیں اور پارلیمنٹ صوبے کی ترقیاتی حکمت عملی میں تمام سیاستدانوں کو ساتھ لے کر چلے، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام ( بی آر ایس پی ) کے زیر اہتمام قومی سیمینار میں پارلیمنٹرنز ، ماہرین اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے خطاب میں کہا کہ ستر سالوں سے بلوچستان کو محروم اور پسماندہ رکھا گیا، پرویز مشرف کی اکبر بگٹی کو شہید کرنے کی غلطی سے بلوچستان نے بڑا خمیازہ بھگتا، ہم بلوچستان میں سو کے قریب منصوبوں پر کام شروع کر رہے ہیں ،سی پیک منصوبہ ناصرف بلوچستان کے عوام کی تقدیر بدلے گا بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا،وزیراعظم عمران خان کی بہترین پالیسیوں کے باعث بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، سینئر اینکر سلیم صافی ، نادر گل بڑیچ اور ڈاکٹر سجاد بخاری نے کہا کہ مسائل کی ایک وجہ وفاقی ، صوبائی اور منتخب ضلعی حکومتوں کے مابین رابطہ کاری کا فقدان ہے ، جس وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور نگرانی کا عمل کمزور ہے، بی آر ایس پی نے بلوچستان میں صحت ، بچوں کی تعلیم ، ناخواندگی کے خاتمے ، بہبود آبادی ،ماں بچے کی نشو و نما، جنگلات ، ماہی پروری ، فوڈ سیکورٹی اور دیگر پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے دیہی علاقوں میں مناسب انفراسٹریکچر اور مقامی آبادی کے ذریعے اقدامات کئے ہیں، بلوچستان کے 6 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت اور 1360 دیہات کو پینے کے پانی کی فراہمی ،143 کا ریز کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ، ڈاکٹر سجاد بخاری نےکہا کہ بلوچستان نے پاکستان کا مستقبل محفوظ اور مستحکم بنایا، تقریب میں مختلف شعبوں کے ماہرین کو ایوارڈ ز دیئے گئے ڈاکٹر ثنا ء اچکزئی ، ظاہر ناصراور دیگر مہمان موجود تھے۔

تازہ ترین