• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کا مال لوٹنے والوں کو  حساب دینا ہوگا، شبلی فراز، فواد چوہدری


اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،جنگ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قوم کا مال لوٹنے والوں کوحساب دیناہوگا،ن لیگ بوکھلاگئی، براڈ شیٹ نے این آر او کی سیاست کو آشکار کیا۔ 

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ براڈ شیٹ پر رفیق تارڑ، افتخار چوہدری اور ملک قیوم پر مبنی کمیشن تشکیل دیا جائے، انکے پاس دو راستے ہیں یا پیسے واپس کریں یا جیل کاٹیں۔ 

وفاقی وزیراطلاعات نے سماجی رابطے کی سائٹ پر بیان میں کہاہے کہ پی ڈی ایم تحریک نہیں رہی، اسکی جان نکل چکی ہے، اپوزیشن کے پاس صرف مایوسی، ناکامی اور ہزیمت باقی رہ گئی ہے، منتخب حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والے عوام کی نظروں سے گر گئے، (ن) لیگی رہنما بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ 

وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ براڈ شیٹ معاملے نے این آر او کی سیاست کو آشکار کیا،یہ ان کے لیے پانامہ 2 ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب غریبوں کیلئے کینسر اسپتال اور یونیورسٹیاں بنا رہا تھا تو نواز شریف اور آصف زرداری غریبوں کو لوٹ کر ایون فیلڈ اور سرے میں محل تعمیر کر رہے تھے۔ لیگی رہنما جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ 

انہوں نے کہا کہ پختہ عزم اور ثابت قدمی عمران خان کی پہچان ہے، قوم کا مال لوٹنے والے قومی مجرموں کو حساب دینا ہوگا۔ 

علاوہ ازیں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ براڈ شیٹ پر رفیق تارڑ، افتخار چوہدری اور ملک قیوم پر مبنی کمیشن تشکیل دیا جائے۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ان کو پتہ ہے کہ جب بھی ایسے لوگ احتساب کرینگے جن کو خریدنا مشکل ہو گا، ان کی چیخیں آسمان تک جائیں گی یہ ہی اب ہو رہا ہے، آپکے پاس دو راستے ہیں یا پیسے واپس کریں یا جیل کاٹیں۔

تازہ ترین