• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین ارکان مسائل حل کرنے میں موثر کردار ادا کررہی ہیں، عمران خان

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواتین ارکان پارلیمنٹ مسائل کے حل کیلئے موثر کردار ادا کر رہی ہیں، یہ خوش آئند بات ہے۔

وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روزخواتین اراکینِ قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کہی، وزیراعظم سے گجرات اور منڈی بہائوالدین کے پارلیمنٹرینز نے بھی ملاقات کی ، اس دوران عمران خان کو ترقیاتی منصوبوں پرپیشرفت سے آگاہ کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم سے رکنِ قومی اسمبلی عاصمہ قدیر اور جھنگ سے غلام بی بی بھروانہ نےملاقات کی ۔ملاقات میں معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر نےبھی شرکت کی۔ 

عاصمہ قدیر نے وزیرِ اعظم کو پائیدار ہاؤس ہولڈ سے متعلق منصوبے سے آگاہ کیا۔ منصوبے کے تحت کچن گارڈننگ اور چھوٹے پیمانے پر پولٹری کی مدد سے نہ صرف متوسط گھرانے کی گھر کی ضروریات پوری ہو سکیں گی بلکہ ان سے روزگار بھی کمایا جا سکے گا۔ 

مجوزہ منصوبہ نہ صرف کم سے کم کاربن فٹ پرنٹ کی وجہ سے ماحول دوست ہے بلکہ کسی بھی گھر کو اپنے تئیں ایک سسٹین ایبل یونٹ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 

ایم این اے عاصمہ قدیر نے وزیرِ اعظم کے بلین ٹری سونامی کے مثبت نتائج پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی اور شجرکاری کے جاری اقدام سے آگاہ کیا جس میں ان کو این ایچ اے کا تعاون حاصل ہے۔ 

غلام بی بی بھروانہ نے وزیرِ اعظم کو جھنگ میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ سیال شریف میں بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیشِ نظر گیس کی فر اہمی کی تجویز پیش کی، وزیراعظم سے اراکینِ اسمبلی حاجی امتیاز احمد اور شوکت علی بھٹی، اراکینِ صوبائی اسمبلی سلیم سرور جورا، میان اختر حیات، طارق تارڑ، چوہدری گلریز افضل چن، محمد ارشد چوہدری اور لیاقت بدر کے علاوہ چوہدری اعجاز اور نظر محمد گوندل نےملاقات کی ۔ 

ملاقات میں گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں عوامی ریلیف کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں اہم شاہراہوں کی توسیع و مرمت پر بھی بات چیت کی گئی ۔ 

وزیرِ اعظم کو ارکانِ اسمبلی نے اپنے اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو سراہا اور جاری منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ 

تازہ ترین