• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم کو بطور کپتان فری ہینڈ دینا چاہیے، مصباح الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کےہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو بطور کپتان فری ہینڈ دینا چاہیے، کپتان، کوچنگ اسٹاف، پلیئرزسب ایک یونٹ ہیں فیصلے متفقہ ہوتے ہیں۔

آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کےہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ چار دن بڑی زبردست پریکٹس رہی ، خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔

مصباح الحق نے بتایا کہ فیلڈنگ کے معیار کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، امید ہے بہتری آئے گی، فی الحال سارا فوکس سیریز پرمرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے منتظر ہیں، امید ہے اچھی کارکردگی سے اعتماد بحال کریں گے،اب تک کارکردگی سےمطمئن نہیں، کارکردگی بہتر کرنا بہت ضروری ہے۔

ہیڈ کوچ کاکہنا تھا کہ ساری زندگی پریشرمیں ہی کرکٹ کھیلی، آگے کیا ہونا ہےاس کا نہیں سوچ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقلین اور یوسف کو میری مشاورت سے ہی کیمپ میں بلایا گیا تھا،یہاں کنڈیشن اسپنرز کو سپورٹ دیتی ہے، اس لیےثقلین کو بلایا کہ گائیڈ کریں، زیادہ کوچز سے کسی پلیئر کو کنفیوژن نہیں ہو رہی۔

مصباح الحق کاکہنا تھا کہ اس بار جنوبی افریقا کی سائیڈ پہلے جیسی نہیں، ہم چاہیں گے کہ اپنا ریکارڈ بہتر کریں، تاہم آئی پی ایل میں کھیل کر جنوبی افریقی بیٹسمین اسپنرز کو کھیلنا جان گئے ہیں۔

مصباح نے کہاکہ ہمیں ایڈوانٹج ہے کہ کئی پلیئرز یہاں کی کنڈیشن میں ہی کھیلتے آ رہے ہیں،ہمارے پاس چانس ہے کہ اگر اچھی کرکٹ کھیلے تو یہاں جیت سکتے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں ہم نے مختلف کنڈیشنز میں کرکٹ کھیلی، وہاں الگ طرح کی بولنگ ہوتی ہے یہاں کنڈیشنز میں الگ طریقہ ہے،نیوزی لینڈ میں جو ہوا اسے بھلا کریہاں کی کنڈیشنز کےمطابق تیاری کر رہے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ آئسولیشن میں دو، دو ہفتے پریکٹس سےمحروم رہنے سے صورتحال مشکل ہوجاتی ہے، قرنطینہ میں رہتے ہوئے ٹیموں کو پریکٹس کی اجازت ملنا اچھی بات ہے۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق کاکہنا تھا کہ بابر اعظم کو بطور کپتان فری ہینڈ دینا چاہیے،بابر کو اندازہ ہے کہ کس موقع پر بیٹسمین کیا سوچ رہا ہوگا، ہم پہلے ٹیسٹ کی حکمت عملی تیار کرچکے ہیں ،اپنا بیسٹ کامبی نیشن لے کر جائیں گے۔

تازہ ترین