• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ناول جس پر بننے والی فلموں کو دیکھنے میں ساڑھے آٹھ گھنٹے لگتے ہیں

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ایک ناول جس کو ایک نشست میں پڑھنے میں ساڑھے پانچ گھنٹے لگیں مگر اس پر بننے والی فلموں کو دیکھنے میں ساڑھے آٹھ گھنٹےلگتے ہیں،باکمال ڈائریکٹر پیٹر جیکسن نے ہوبٹ سیریز کا حصہ بنا کر اسے ناول سے بھی زیادہ بہتر بنادیا ہے،دسمبر 2001 میں پیٹر جیکسن نے جان رونالڈ روئل ٹولکین (جے آر آر ٹولکین) کی "لارڈ آف دی رنگ : فیلوشپ آف دی رنگ" سے جو سفر شروع کیا وہ آخر کار 2014 میں "دی ہوبٹ : دی بیٹل آف دی فائیو آرمیز" میں آکر ختم ہوا۔13 برس اور17 گھنٹوں سے زائد طویل ان دو سیریز کی چھ فلموں میں بلاشبہ سبقت تو "لارڈ آف دی رنگ سیریز" کو ہی حاصل ہے خاص طور پر اس کا تیسرا حصہ "ریٹرن آف دی کنگ" ہر لحاظ سے کلاسیک اور دیکھنے والوں کو مسحور کردینے کے لیے کافی ہے مگر ہوبٹ کی داستان بھی کسی سے کم نہیں اور ڈائریکٹر نے واقعی کمال کر دکھایا۔یہ داستان چند بونوں، ایک ہوبٹ اور جادوگر کی جدوجہد پر مبنی ہے۔یہ بونے اور ان کا جلاوطن بادشاہ تھورین اوکن شیلڈ (رچرڈ آرمیٹیج) اپنی کھوئی ہوئی ریاست کو ایک ڈریگن سے چھڑا کر وہاں پھر زندگی گزارنا چاہتے ہیں، جن کی مدد بیلبو بیگن (مارٹن فری مین) اور گینڈالف (آئین مکیلین) کرتے ہیں۔اس سفر کا اختتام ایک بہت بڑی جنگ کے ساتھ ہوتا ہے، جس میں انسان، بونے، جادوگر اور دیگر مخلوقات شریک ہوتی ہیں۔اگرچہ ہوبٹ سیریز اپنی سابقہ تین فلموں جتنی پراثر نہیں مگر لالچ، ہمت، مہم جوئی اور ہر رکاوٹ کے سامنے پرعزم رہنے کا جذبہ اس کی جان ہے۔فلم میں ویژول، فینٹسی کا احساس، حیرت اور باریک بینی اپنے عروج پر نظر آتی ہے اور صاف نظر آتا ہے کہ ڈائریکٹر نے اپنی سابقہ فلموں کے تمام بہترین عناصر یہاں جمع کردیئے ہیں اور ہوبٹ سیریز کی دو فلموں کے تمام منفی پہلوؤں کو دبا کر رکھ دیا ہے۔ویسے تو ہوبٹ سیریز لارڈ آف دی رنگ کے بعد بنائی گئی مگر 1994 میں ڈائریکٹر اسے پہلے بنانا چاہتے تھے، بلکہ وہ اس کی کہانی ایک پوری فلم میں دکھا کر مزید 2 حصوں میں لارڈ آف دی رنگز کی کہانی بیان کرنا چاہتے تھے۔مگر ایسا ممکن نہیں ہوسکا اور انہیں پروجیکٹ کا خیال ترک کرنا پڑا اور کئی برس بعد دوبارہ اس پر کام شروع ہوا تو لارڈ آف دی رنگز کو پہلے فلمایا گیا۔آخری فلم دی بیٹل آف دی فائیو آرمیز کے پاس کسی فلم میں کسی جنگ کے طویل ترین سیکونس کا عالمی ریکارڈ بھی ہے، جو 45 منٹ تک جاری رہی تھی۔

تازہ ترین