• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امر خان کی ڈرامہ سیریل” قیامت” نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ امر خان کی ڈرامہ سیریل” قیامت” نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی اس سیریل کی پانچ اقساط جیو ٹی وی سے نشر ہوچکی ہیں جو نہ صرف چینل بلکہ یو ٹیوب بھی یکساں مقبول ہےامر خان کے اس پروجیکٹ کی رائٹر ثروت نزیر اور ڈائریکٹر علی فیضان ہیں جس کی دیگر کاسٹ میں احسن خان،صبا فیصل،حارث وحید،ثنا فخر،سیفی حسن اورشبیر جان نمایاں ہیں۔امر خان نے نیلم منیر کی بہن کا کردار کیا ہے جو کسی کو پسند کرتی ہے لیکن ناگزیر حالات کے باعث اس کی شادی احسن خان سے ہوجاتی ہے جہاں سے کہانی ایک نیا موڑ لیتی ہے۔اس بارے میں امر خان کا کہنا ہے کہ” قیامت” کی کامیابی پر مجھ سمیت تمام لوگ ہی خوش ہیں کیونکہ سب کو ان کی محنت کا صلہ مل رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عبداللہ قریشی اور اسد قریشی بہترین پروڈیوسر ہیں۔ وہ ایسا ڈرامہ بنانا جانتے ہیں جو ناظرین کے دلوں میں فوری گھر کر لیتا ہے۔یاد رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی امر خان سینئر اداکارہ فریحہ جبیں کی صاحبزادی ہیں جو بیکن ہائوس یونیورسٹی سے گریجوایٹ ہیں۔ان کے کریڈٹ پر کئی سپرہٹ ڈرامے ہیں جن میں چشم نم،بیلا پور کی ڈائن،گھگھی،چھوٹی چھوٹی باتیں اور دل گمشدہ شامل ہیں۔امر خان ٹی وی کے ساتھ ساتھ سلور سکرین کے لئے کام کررہی ہیں جن کی فلم "دم مستم” مکمل ہوچکی ہے جسے سال رواں میں ہی ریلیز کیا جائے گا۔ اس فلم میں امر خان نے نہ صرف عمران اشرف کے مقابل لیڈ رول کیا ہے بلکہ وہ فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں۔امر خان کا مزید کہنا ہے کہ میں شروع سے ہی کم اور معیاری کام کی قائل رہی ہوں۔

تازہ ترین