• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین لگوانے کیلئے باری کو نظر انداز نہ کیا جائے، ہیلتھ بورڈ

لندن (پی اے ) ایک ہیلتھ بورڈ ،Betsi Cadwaladr کے چیئرمین مارک پولن نے کونسل کے عملے پر الزام عاید کیاہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کیلئے اپنے ساتھیوں کو بھی دعوت دے رہے ہیں انھوں نے متنبہ کیاہے کہ ویکسین لگوانے کیلئےباری کو نظر انداز نہ کیاجائے۔نارتھ ویلز میں بورڈ کے اجلاس میں بتایاگیا کہ کونسل کے عملے کے بعض ارکان نے جو فی الوقت ویکسین لگوانے والے گروپ میں شامل نہیں ہیں ایک مخصوص ای میل لنک کے ذریعے اپنی بکنگ کرالی ،ہیلتھ بورڈ Betsi Cadwaladr کے چیئرمین مارک پولن نےکہا کہ اس طرح کے حربوں سے بعض ایسے لوگ ویکسین سے محروم رہ جائیں گے جنھیں اس کی زیادہ ضرورت ہے۔ڈنبگھ شائر کونسل نے کہاہے کہ اس نے اپنے عملے کو متنبہ کردیاہے کہ ای میل کا غلط استعمال نہ کیاجائے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہواہے کہ کوئی ایسا فرد جو مستحق نہیں تھا ویکسین لگوانے میں کامیاب ہوگیاہو۔ فی الوقت صرف فرنٹ لائن سوشل کیئراور ہیلتھ ورکرز ،اور 70۔80 سال سے زیادہ عمر کےلوگوں ،کیئر ہوم میں مقیم افراد اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں ہی کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔ ہیلتھ بورڈ کے پرائمری کیئر اور کمیونٹی سروسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر کرس اسٹاک پورٹ نے کہا کہ ہم نے اپنی لوکل اتھارٹی کے پارٹنرز اور ٹیموں کو واضح طورپر بتادیاہے کہ فرنٹ لائن سے مراد کیا ہے ،انھوں نے کہا کہ جب آپ ویکسین لگوانے کیلئے آتے ہیں تو آپ کی تصدیق کرنے کا ایک طریقہ کار موجود ہے ،ہوسکتاہے کہ انھیں بکنگ سسٹم کے تحت کام کرنے میں کچھ مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ہو ۔جمعہ کی پریس بریفنگ کے دوران وزیرداخلہ پریٹی پٹیل نے کہا کہ جو لوگ باری سے قبل ویکسین لگوانے کی کوشش کرتے ہیں وہ اخلاقی طورپر قابل مذمت ہیں کیونکہ وہ خطرے سے دوچار کمزور افراد کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں ، انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت کے تمام اقدامات پر نظر ثانی کی جارہی ہے لیکن ہماری توجہ انتہائی کمزور اور ضرورت مند لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ان کو ویکسین لگانے پر ہے کیونکہ ان کے تحفظ کو یقینی بنانا کمیونٹی کا تحفظ کرنا ہے۔مارک پولن نے کہا کہ ہم لوگوں کی تشویش کو سمجھتے ہیں لیکن لوگوں کو ایسا نہیں کرنا چاہئے جیسا وہ کررہے ہیں۔میڈیکل گائیڈنس میں ترجیحی گروپوں کی واضح نشاندہی کردی گئی ہے اور اس کی پشت پر ٹھوس جواز موجود ہیں اس لئے باری سے قبل ویکسین لگوانے والے کسی اور کو اس سے محروم کررہے ہیں ،انھوں نے کہا کہ یہ ایک وقتی مسئلہ ہےہم بکنگ سسٹم تبدیل کررہے ہیں اس لئے یہ موقع زیادہ دنوں نہیں رہے گاانھوں نےکہا کہ عملہ کسی نامناسب بکنگ پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
تازہ ترین