• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ مڈلینڈز میں شدید برفباری کے باعث 6 کورونا ٹیسٹنگ سینٹر بند

لندن (پی اے) ویسٹ مڈلینڈز میں شدید برفباری کی وجہ سے کورونا وائرس کویڈ 19 کے چھ ٹیسٹنگ سینٹر بند ہو گئے۔ برف باری اور سرد موسم کی وجہ سے سفر میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔ ریجن کی کچھ سڑکوں پر گڑھے پڑنے کی وجہ سے سفر کیلئے مشکلات پیش آنے کی اطلاعات ہیں۔ میٹ آفس نے ویدر وارننگ جاری کر دی ہے۔ سٹیفورڈ شائر کے کچھ حصوں کیلئے مزید سخت ایمبر وارنگ جاری کی گئی ہے۔ حالیہ سیلابی صورت حال میں مدد اور ایمرجنسی ورکرز کی سپورٹ کیلئے ایڈ چیرٹی سٹاف کو بھیجا گیا ہے۔ برمنگھم سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ سٹیفورڈ شائر کے ایریاز مواٹ سٹریٹ، کوونٹری اور اوکین گیٹس، دی پلیس میں موجود کورونا وائرس ٹیسٹنگ فیسیلیٹیز اور کیمپ ویل ویلڈ سٹیڈیم، آرکیڈین سینٹر اور میپول یوتھ سینٹر کے ٹیسٹنگ مراکز کو شدید برف باری کی وجہ سے پیر کیلئے بند کر دیا گیا۔ سٹیفورڈ شائر کے لوکل ایم پی مائیکل فیبری کینٹ کا کہنا ہے کہ سٹیفورڈ شائر میں ایک لیچ فیلڈ کی فیسیلٹی بھی بند کر دی گئی ہے۔ ٹیلیفورڈ اور ریکن کونسل نے کہا کہ وہ ایسے لوگوں سے رابطہ کرے گی جو آج کورونا وائرس کوویڈ 19 ٹیسٹ کروانے کی توقع کر رہے ہیں ۔ پیر کے روز سٹن نیہ ہال سیمیٹری کو زیادہ دیر تک کھلا رکھا گیا تاکہ خراب موسم کی وجہ سے ملتوی ہونے والی فیونرلز اور آخری رسومات کو مکمل کیا جا سکے۔ خراب موسم اور پھسلن کی وجہ سے متعدد سڑکوں پر حادثات کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ میٹ آفس اور لوکل اتھارٹیز کے حکام نے لوگوں کو ایک بار پھر متنبہ کیا ہے کہ وہ صرف ضروری سفر کیلئے ہی گھروں سے باہر نکلیں اور سفر پر روانہ ہونے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورت حال کے حوالے سے اپ ڈیٹ معلوم کر لیں تاکہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واروکشائر میں ایم 6 کے ایک حصے کو سنگل لین ٹریفک تک محدود کردیا گیا کیونکہ گاڑیوں کے راستے برف سے سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ ایمرجنسی ورکرز نے سٹیفورڈ شائر میں ایم 54 پر ایک گاڑی الٹ جانے کے واقعے کے بعد سپورٹ فراہم کی۔ کوونٹری بیسڈ چیرٹی لینگر ایڈ نے بتایا کہ اس نے وورسٹر شائر کے علاقے بیوڈلے میں حالیہ سیلاب سے متاثر ایمرجنسی ورکرز اور مکینوں کو کھانا کھلانے میں مدد کیلئے رضا کاروں کو روانہ کیا ہے۔ جمعہ کی شب دریائے سیورن میں عارضی رکاوٹیں ٹوٹ گئی تھیں جس کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے متعدد مکان متاثر ہوئے۔ مڈلینڈز کے کچھ مقامات پر درجہ حرات 10 سینٹی گریڈ ( 14 فارن ہائیٹ ) سے بھی کم ہو سکتا ہے۔ میٹ آفس کا کہنا ہے کہ اس نے مزید برفباری جاری رہنے کے بارے میں پیش گوئی کی ہے۔
تازہ ترین