• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ، آرمی قوانین کی کتابیں فراہم نہ کرنے پر اٹارنی جنرل طلب

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عاطر محمود نےآرمی قوانین سے متعلقہ کتابیں لاء افسران کو فراہم نہ کرنے پر آج اٹارنی جنرل آف پاکستان کو طلب کرلیا۔عدالت عالیہ نےیہ حکم میجر خورشید کی جبری ریٹائرمنٹ کے خلاف اپیل کی سماعت میں جاری کیا۔دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل محمد حسین نے موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست گزار کو آرمی کورٹ میں اپیل کا حق ہے،انٹرا کورٹ اپیل کا حق نہیں جس پرعدالت عالیہ نے درخواست گزار سے استفسار کیا تو اس نے جواب دیا کہ وکیل کے بتانے پر انٹرکورٹ اپیل کی تو عدالت عالیہ نے درخواست گزار کے وکیل کرنل انعام الرحیم کو طلب کیا انہوں نے آگاہ کیا کہ آرمی ایکٹ میں کورٹ مارشل کی سزا کے سوا جبری ریٹائرمنٹ یا نوکری سے برخاست کرنے کے خلاف اپیل کاکوئی حق نہیں ۔جس پرڈپٹی اٹارنی جنرل نےلاعلمی کا اظہار کیا اور کہاوزارت دفاع کی طرف سے بطور لا افسر ان کو بار بار طلب کرنے کے باوجود قانون کی کتابیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔عدالت عالیہ نے کہا کہ اتنے کیسسز زیر سماعت جن کے فیصلے ہونے ہیں اگر آپ کے پاس کتابیں نہیں تو معاونت کیسے کریں گے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکوشش کے باوجود وزارت دفاع سے کتابیں نہیں لے سکا وہ دیتے نہیں ہیں۔کرنل انعام الرحیم نے عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک فیصلہ دیا جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وزارت دفاع اپنی قانونی کتابیں عوام کی رسائی کیلئے اوپن کرے۔جس پر جسٹس عاطر محمود نے حکم دیا کہ منگل کو اٹارنی جنرل آف پاکستان پیش ہوں۔

تازہ ترین