• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت

پشاور(جنگ نیوز) صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کی تمام خالی اسامیوں پر جلد از جلد میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کروائی جائیں اور جن اضلاع میں آرکیٹیکٹ کی پوسٹ خالی پڑی ہے ان کی بھرتیوں کے لئے بھی مراسلہ جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹی ایم ایز کا بنیادی کام میونسپل سروسز کی فراہمی ہے جبکہ ڈویلپمنٹ کا کام ان کی ثانوی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اکبر ایوب خان نے حکام کو ہدایت کی کہ رورل ایریا میں بھی نقشہ کی منظوری کے بغیر کوئی بلڈنگ نہیں بنائی جائے گی۔یہ ہدایات انہوں نے ضلع چترال کے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات اور چترال، ملاکو، بونی، مستوج و دروش کے تحصیل میونسپل افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ پی ایف سی فنڈ سے صفائی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے ٹرک، کنٹینرز اور دیگر صفائی کی مشینری خریدی جائے تاکہ کم افرادی قوت کی ضرورت ہو اور کم وقت میں زیادہ کام ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹی ایم ایز فیول کارڈ کا استعمال یقینی بنائیں۔ جبکہ بازاروں میں سٹریٹ لائٹس لگانے، واش رومز تعمیر کرنے اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے ضلع چترال اور مالاکنڈ ڈویژن میں تحصیل میونسپل سروسز کی فراہمی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ اربن اور رورل ایریاز کے مسائل میں بہت حد تک کمی آئی ہے تاہم ابھی بھی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کو مزید محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چترال اور پورے مالاکنڈ ڈویژن میں سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
تازہ ترین