• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی میں کورونا سے مزید 982افراد ہلاک ہوگئے

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)کرونا وبا سے یورپ میں محفوظ ترین ملک جرمنی بھی آج کرونا کی خوفناک زد کا شکار ہے،جرمنی کی 16 ریاستوں کی مدبرانہ حکمت عملی اور جرمنی کے مضبوط ہیلتھ سسٹم کے باوجود ہلاکتوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے،جرمن حکومت نے لاک ڈائون میں سختیوں میں حالیہ توسیع15 فروری تک کر کے کاروبار زندگی اور سماجی رابطوں کو محدود کیا،اسکولز بند رکھے ’’ہوم آفس‘‘ کی تاریخ بھی مارچ تک بڑھا دی گئی ہے مگر روزانہ نئے متاثرین کی متوقع تعداد اور ہلاکتوں میں خاطر خواہ کمی نہ ہو سکی۔ محکمہ ٔ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24گھنٹوں میں کرونا متاثرین کی تعداد میں 13,202افراد کا اضافہ ہوا اور 24گھنٹوں میں 982 افراد’’ کرونا وبا‘‘ کے ہاتھوں لقمۂ اجل بن گئے۔حکومتی اعلان کے مطابق ٹرین بس، اور شاپنگ سینٹرز میں عام سستے ماسک کو ممنوع قرار دے کر سرجیکل ماسک یا FF P 2 ماسک پہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، عوام کی آگاہی مہم کے سلسلے میں فرینکفرٹ کے انڈر گرائونڈ اور ریلوے اسٹیشن پر یہ حساس اور قیمتی ماسک حکومت کی طرف سے مفت تقسیم کئے گئے۔ جرمنی میں اب تک کوروناتاثرین کی کل تعداد2,163,113 صحت یاب 1,866,000 اور جرمنی میں اس وبا کے ہاتھوں بدنصیب ہلاک ہونے والوں کی تعداد54,390 تک جا پہنچی ہے۔جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی حکومت دوسرے خارجی و داخلی مسائل کے ساتھ ساتھ اس عالمی وبا کے خلاف کامیابی سے برسرِ پیکار ہے،عوام کو ویکسین لگانے کا عمل جرمنی کے مختلف مقامات پر قائم سینٹرز میں جاری ہے۔
تازہ ترین