• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بند گلی کون جائیگا اس کا فیصلہ عوامی طاقت کریگی‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ کون کیوں اور کیسے بند گلی کی جانب جارہا ہے اس کا فیصلہ وقت اور حالات خاص طور پر پی ڈی ایم کی بڑھتی ہوئی عوامی طاقت نے کرنا ہے۔ تجزیہ کاری اور لفاظوں کی سیاست پہلے بھی کئی بار ناکامی کا منہ دیکھ چکی ہے چیخیں نکالنے والوں نے واقعی عوام کی چیخیں نکال دی ہیں قوم بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ہر روز عائد اضافی ٹیکسوں سے اس قدر معاشی بدحالی کا شکار ہوچکی ہے کہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کو ہی اپنی نجات کا واحد ذریعہ سمجھنے لگی ہے۔ سلطنت عمرانیہ نے تو ان کے خون کا آخری قطرہ تک چوسنے کی قسم کھا رکھی ہے ایسی بدحالی اور فاقہ کشی تو قوم نے آزادی کے کٹھن دنوں میں بھی نہیں دیکھی تھی۔ یہ غیر حقیقی اعدادوشمار اور جھوٹے سروے حکمرانوں کے کالے کرتوتوں پر کبھی پردہ نہیں ڈال پائیں گے۔ وکٹیں گراکر دھمال ڈالنے والے یہ نہیں جانتے کہ کبھی آخری بال پر بھی چھکا لگ جاتا ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ بہترین فورم اسمبلی ہی جمہوریت کو بنیاد فراہم کرتی ہے لیکن فیصلے کیوں اور کہاں سے وارد ہوتے ہیں قوم اس طرزسیاست سے بھی آگاہی رکھتی ہے۔ چند سڑکوں کی تعمیر یا انہیں کشادہ کردینے سے عوام کو کوئی سروکار نہیں غربت و افلاس کی بے رحم چکی میں پسے عوام دو وقت کی روٹی چاہت ہیں یہ کس انداز میں ریاستی امور چلائے جارہے ہیں کہ فاقہ حال مزدور و محنت کش طبقہ ہاتھ میں بیلچے تھامے انہی کشادہ کی گئی سڑکوں پر بیٹھے صبح کو شام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں سے حساب مانگنے والوں سے اگر ڈھائی سالہ دور حکومت کا حساب لیا جائے تو موجود اور آنیوالی نسلیں بھی اس احتساب سے قاصر نظر آئیں گی قول و فعل کا یہ تضاد سلطنت عمرانیہ کے باندھے گئے بند میں شگاف کا باعث بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے منہ میں دوسروں کی زبان رکھنے والوں کی وجہ سے ملک میں جمہوریت اپنے ثمرات قوم تک نہیں پہنچا پائی بلکہ جمہوریت پر شب خون مارنے کو مزید مواقع فراہم کرنے کا باعث بنتی چلی آئی۔
تازہ ترین