• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت جلد ڈرونز اتھارٹی لا رہے ہیں: فواد چوہدری


وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ بہت جلد ڈرونز اتھارٹی لا رہے ہیں، تھری ڈی پرنٹرز سے متعلق بھی پالیسی لائیں گی۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 2 کمپنیوں نے پاکستان میں ڈرونز بنانا شروع کر دیئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبے میں ڈرونز کا استعمال کریں گے، ڈرونز ٹیکنالوجی کے لیےسافٹ ویئر میں ہم بہت بہتر ہیں، ہارڈ ویئر میں کچھ پیچھے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فور وہیل الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد لا رہے ہیں، اگلے 5 سال میں روایتی گاڑیوں سے الیکٹرک وہیکل پر جائیں گے، کوشش ہے کہ الیکٹرک وہیکل پر ڈیوٹی صفر کر دیں۔

انہوں نے بتایا کہ جلد اپنی ڈائلیسسز، ایکس رے اور وینٹی لیٹر مشینز خود بنائیں گے، جتنا پیسہ ٹیکنالوجی میں ہے اتنا روایتی صنعت میں نہیں ہے۔

وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ذات سے متعلق کسی کو کوئی مسئلہ نہیں، چھوٹی چھوٹی باتیں، گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات صحیح نہیں کہ حکومت وعدے پورے نہیں کر رہی، ہم نے میرٹ پر بھرتیاں کی ہیں، کرپشن ختم کرنے کا کہا تھا، کر رہے ہیں۔


فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبائی معاملات صوبے کے پاس ہیں، کراچی کی سڑکیں خراب ہیں، یہ معاملہ صوبائی ہے، اگلی بار صوبائی حکومت بھی پی ٹی آئی کی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ صوبائی محکموں میں خرابی ضرور ہے، ہمیں اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی پر بات کرنا چاہیئے۔

وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے انٹرنل اسٹرکچر اور صوبوں کے فریم ورکس پر بحث ہونا چاہیئے۔

تازہ ترین