• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم بنام وزیراعظم پاکستان!

70 سال ہوگئے عرشِ بریں کا مکیں ہوئے مگر مجال ہے پاکستان بارے کبھی تسلسل سے اچھی خبریں موصول ہوئی ہوں، لیکن اب کے بار خفیہ رپورٹ پڑھ کر دل باغ باغ ہوگیا ، میڈیا والوں نے چائے کی پیالی جیسا طوفان اٹھا رکھا ہے جس پر آپ کو ہرگز گھبرانے کی ضرورت نہیں۔رپورٹ پڑھ کر یقینِ کامل ہو تاجارہا ہے کہ آپ کے دشمن خوامخواہ حکومتی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔عوام کیلئے کچھ نہ کرنے کے الزامات کی بھی آپ بالکل فکر نہ کرنا ۔ آپ کی کارکردگی بارے 14نکات تحریر کئے ہیںجو آپ مطالعۂ پاکستان کی کتاب میں ماضی کے 14 نکات کی جگہ شامل کردیں ، نئی نسل کو بھی تو پتہ چلے کہ ان کے لیڈر کے بارے میں میرے خیالات کیا ہیں۔1۔ 70ہزار خالی آسامیاں اور 117 ادارے خآپ کرنے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے‘ وہ بالکل ٹھیک ہے ۔آئی ایم ایف کی شرائط مان کر نیا قرض بھی تولینا ہوتا ہے۔2۔ وزیرِ ہوابازی کو خوب شاباش دینا جس کے عظیم الشان کارنامے کی بدولت اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو پی آئی اے پرسفر کرنے سے منع کردیا ہے۔ اس دوررس حکمتِ عملی کی بدولت حکومت کواسٹیل مل کی مانند با آسانی پی آئی اے کے بھاری بھرکم بوجھ سے نجات مل جائے گی ، ویسے بھی جہاز چلانا حکومتوں کا کام تھوڑا ہی ہے۔ 3۔ مہنگائی کا ٹارگٹ پورا کرنے کی رفتار سے ظاہر ہورہا ہے کہ اشیاء کی قیمتیں جلدحقیقی سطح پر پہنچ جائیں گی‘ نواز شریف نے تو مصنوعی طور پر انہیں کم رکھا ہوا تھا، عوام کی پریشانی کو ذہن میں نہ لانا،ان کا کیا ہے‘آج نہیں تو کل ‘ انہیں تو ویسے بھی اوپر ہی آنا ہے۔4۔ آٹے ، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے پر بے چین ہونے والوں کو خبر نہیں کہ حکومت عوام کوکس قدر فائدہ دے رہی ہے، کم آٹا کھانے سے عوام گلوٹن الرجی، ڈائریا، جوڑوں اور معدے کے درد، پیٹ پھولنے ،موڈ تبدیل ہونے ، سوچنے کی صلاحیت میں کمی سے نجات حاصل کرلیں گے ، زیادہ گھی کا استعمال آنتوں میں رکاوٹیں پیدا کرتا ہے،میں تو کہتا ہوں چینی سرے سےاستعمال ہی نہیں کرنی چاہئے ، میں بھی نہیں کرتا تھا، چینی سے ہی تو ملک میں شوگر کا مرض پھیل رہا ہے۔ 5۔ مہنگی بجلی بارے تشویش میں مبتلا ہونے والوں کو بتائو کہ بجلی کا استعمال کم کریں تاکہ بل کم آئے اورمہنگی ادویات سے پریشان مریضوں کو بتائو کہ تھوڑی ادویات استعمال کرکے وہ ان کے خطرناک سائیڈ ایفکٹس سے بچ جائیں گے۔6۔ مہنگی گاڑیوں کی یوں توجیہہ پیش کرو کہ عوام سائیکلیں خریدنا شروع کردیں، دل کے دورے پڑنا کم نہیں بلکہ خآپ ہوجائیں گے۔7۔ سیالکوٹی وزیر کو اسپیشل ٹاسک دو کہ وہ عوام پر تسلسل سے واضح کرے کہ مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کے اصل ذمہ دار جیل میں قید حمزہ شہباز شریف ہیں جو روزانہ حکم جاری کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں۔ 8۔ بعض لوگ عمرہ اور حج کے اخراجات میں اضافے پر چیں بہ جبیں ہورہے ہیں لیکن آپ نے نہیںگھبرا نا۔پاکستان میں مذہبی ٹورازم کے فروغ سے بے تحاشا آمدنی اور لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا۔ 9۔سیالکوٹی کوبے تحاشا بولنے کی عادت ہے، اس کو اس کام پر لگائے رکھو بلکہ ا ضافی اسائنمنٹ دو کہ وہ ہر روز کم از کم دائیں اور بائیں بازو کےدو ٹی وی شوز میں جلوہ گر ہوا کرے ۔10۔ اپوزیشن کی تنقید پر دل کھٹا نہ کرو بلکہ ٹیم کو کہو کہ وہ مشہور کردیں کہ تونسہ کے وسیم اکرم پلس نےکمال مہارت سے خزانے سے ترکی کمپنیوں کا بوجھ خآپ کردیا ہے ، وہ تو مبارکباد کے حق دار ہیں ، عوام کو تربیتی لیکچر دیا کرو کہ وہ کوڑا کرکٹ پھیلائیں۔11۔ کچھ ناہنجار یہ افواہ پھیلا رہے ہیں کہ کے پی سمیت ملک کی یونیورسٹیاں دیوالیہ ہونے کو ہیں ، اس پراپیگنڈہ کے مقابلے میں اس نعرے کا ڈھول پیٹو ، مہنگی تعلیم ، معیاری تعلیم ۔ 12۔ کھوکھر برداران سے زمین واگزار کروا کے جو بہادری کا کام کیا ہے وہ بے مثال ہے ، خوف کے مارے آپام مخالفین تھر تھر کانپ رہے ہیں ۔ عوام اس پر اگرخوش نہ بھی ہوں تو کیا ہے؟ ویسے بھی حکومت خآپ ہونے کے بعد کون سا آپ نے ہمیشہ وزیراعظم رہنا ہے۔13۔آپ کو کرپٹ کہنا آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے، سوشل میڈیا اور اپنے ہم خیال مین سٹریم میڈیا پر اس پراپیگنڈا کو جاری رکھو،عوام بارے آپ سے بہتر کون جانتا ہے کہ اس کی یادداشت تو بہت ہی کمزور ہوتی ہے۔14۔ نواز شریف کوجس چالاکی سے ملک بدر کیا گیا وہ سب جانتے ہیں ، عوام میں پھیلی بے چینی کے مدنظر کوشش کرو وہ آئندہ ڈھائی سال تک کسی صورت واپس نہ آپائیں ، ورنہ سخت مشکل پیش آسکتی ہے۔ حمزہ شہباز اور میاں شہباز شریف نے بھی جیل میںحوصلے کا مظاہرہ کیا ، ان کی ضمانت نہیں ہونی چاہئے، ورنہ حمزہ شہباز اور مریم نواز مل کر عوام کو متحرک کر سکتے ہیں ۔

فقط: آپ کا قائد

تازہ ترین