• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نابینا وفاقی حکومت نے آئین سےانحراف کیا ہے، مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب  کا کہنا ہے کہ رضاربانی نے بلکل ٹھیک کہا یہ کابینہ نابینہ ہے، نابینا وفاقی حکومت نے آئین سےانحراف کیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے  سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے غیر آئینی آرڈیننس جاری کیا گیا ہے، آئینی اعتبارسے حکومتی فیصلوں نے تباہی مچادی ہے،  حکومت نے صدرسے تین بڑے غلط فیصلے کروائے،   قاضی فائز کیس میں وفاقی حکومت کی جگ ہنسائی ہوئی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جزیروں پر غلط آرڈیننس جاری کروایا گیا،  تیسراغلط فیصلہ سینیٹ انتخابات پرآرڈیننس کا اجراء ہے، عمران خان حکومت میں ایک چیز کےتین رخ ہو سکتےہیں،  اپنی بدنیتی کے لیے الیکشن کمیشن کااستعمال نہ کیاجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تجاوزات کے خلاف مہم کو سیاسی بنانے کی کوشش کی،  قابضین سے قبضہ واگزارکرائیں گے، غلط مشوروں اوراعلانات کی وجہ سے غیریقینی ہے،  یہ لوگ اجلاس ملتوی کر کے پھر آرڈیننس جاری کرتے ہیں، اگر آرڈیننس جاری کرنا تھا تو سپریم کورٹ کا وقت کیوں ضائع کیا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سیاسی قانونی اورمعاشی اعتبارسے غیر یقینی کیفیت نے نقصان کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ  پولٹری زمین کی لیزختم ہوگئی تو کارروائی کی گئی،  ضلع ملیر کی اس زمین پر 6 ایکڑ سے زیادہ قبضہ تھا،   431ایکڑ زمین آزادکروائی گئی کسی نے احتجاج نہیں کیا؟ ہفتےکے دن احتجاج اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ زمین ان کی تھی۔

اُن کا پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  حلیم عادل نے جو اسٹے دکھایا اس میں لیز ختم ہونے کا لکھا ہے، سپریم کورٹ نےپ زمین پرلیزمیں اضافہ نہ کرنےکی ہدایت دی، شہرکویرغمال بنانےکی کوشش کی ،ان کے ذاتی مفادات تھے، کوئی کتنا بھی طاقتور ہو ، غیر قانونی قبضے پر کارروائی ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ  ایک قانونی کارروائی پر سڑکوں کو بلاک کرنے کی کوشش کی گئی، جہاں بھی زمین پر قبضہ ہوگا آپ نشاندہی کریں، وہاں کارروائی ہوگی،  اپیکس کمیٹی کے ڈیڑھ سال پہلے کے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کریں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کےخلاف کارروائی پر چیخیں بھی نکلیں اور فون بھی آئے، حلیم عادل شیخ ن لیگ ق لیگ اور ہمارے گن بھی گاتے رہے ہیں، اب حلیم عادل شیخ اپنے کپتان کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ 18ویں ترمیم تمام جماعتوں نے حمایت کی تھی، سینیٹ الیکشن میں پارٹی فیصلے پر عمل نہ کریں تو آئین کی خلاف ورزی نہیں، عمران خان تو کہتے ہیں کہ ضمیر کی بنیاد پر ووٹ دینا چاہیے، پی ٹی آئی کو پتہ ہےکہ ان کے پاس کارکردگی دکھانےکو کچھ نہیں۔

تازہ ترین