عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم نے بھی شوہر کے ہمراہ ’پاوری ویڈیو‘ بنا ڈالی۔
فریال مخدوم نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے شوہر باکسر عامر خان کے ہمراہ گاڑی میں موجود ہیں۔
باکسر عامر خان کی اہلیہ نے پاوری گرل دنا نیر کا منفرد انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’یہ میں ہوں، یہ میرے شوہر ہیں اور ہم لاک ڈاؤن میں پاگل ہورہے ہیں۔‘
فریال مخدوم نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ’پاگل ہو رہی ہے۔‘
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ ’پاوری ہورہی ہے‘ کا بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود ہوتی ہے اور کہتی ہے کہ ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہو رہی ہے۔‘
لڑکی کے بولنے کا انداز اور لب و لہجہ ایسا تھا کہ ویڈیو صارفین کو بھا گئی اور چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہوگئی، یہ ویڈیو ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کافی مقبول ہورہی ہے۔
پاکستان میں وائرل ہونے کے بعد ’یہ ہماری پاوری ہورہی ہے‘ ویڈیو سرحد کے اُس پار بھی اس قدر مقبول ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو گانے میں تبدیل ہوگئی۔
معروف بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے، جو ٹی وی شوز اور فلموں کی ویڈیو کلپس کو مضحکہ خیز گانوں میں تبدیل کرنے کے لئے مشہور ہیں، اُنہوں نے پاکستانی لڑکی کی ایک اس دلچسپ ویڈیو کو بھی ایک گانے میں تبدیل کردیا ہے۔
پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک میں اس ویڈیو کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور لوگ بھی دانا نیر کا یہ انداز فالو کرتے ہوئے ویڈیوز بنا رہے ہیں۔
دنا نیر کے ڈائیلاگز کو پسند کرتے ہوئے پاکستانی شوبز ستارے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔