• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زور اور زرکا معرکہ قرار دئیے جانے والے سینیٹ انتخابات کیلئے بعض جماعتوں نے اپنے ایسے نظریاتی اور راست کردار اُمیدواروں کو بھی ٹکٹ دئیے ہیں جس کی وجہ سے کہا جاتاہے کہ موقع پرستی کے دائو پیچ سے آراستہ سیاست میں بھی یہ جماعتیں جمہوریت ہی کو کم سہی مگر حقیقی ریاستی بندوبست گرداتنی ہیں ۔نیز انہیں اس بات کا ادراک یا خطرہ بھی ہے کہ ایوانِ بالا بھی اگر یک طرفہ ابن الوقت عناصر سے بھر دیا جائے توسیاسی جماعتوں کی رہی سہی ساکھ بھی برسرعام نیلام ہوجائے گی۔گاہے گاہے یہ ایسے ہی مظاہر ہوتے ہیں جو ملک میں سول بالادستی کا خواب دیکھنے والوں کی اُمیدوں کوزندہ رکھتے ہیں۔ سینیٹ کےایسے چند اُمیدواروں کے تذکرے کے ساتھ ایوانِ بالا کےدرخشاں ستارے مشاہداللہ خان کا یاد آنا فطری امر ہے۔ بلاشبہ یہ مشاہداللہ جیسے اصحاب کا روشن کردار ہےجس کی وجہ سے ملک کا جمہوری چہرہ کلی طور پر مسخ ہونےسے محفوظ رہا ہے۔ایسے صاحب ِ کردار لوگ تاریخ اور لوگوںکے دلوں میں تو زندہ رہتے ہیہیںکہ بارگاہ ایزدی میں بھی حق و استقامت کو اُوڑھنا بچھونا بنانے والوں کی قدردانی کی اُمید ہے ۔اُستادقمرجلالوی نے کہا تھا۔

کیا پتہ پوچھو ہو میرا نام روشن ہے قمر

جس جگہ تاروں کی بستی ہے وہاں آباد ہوں

مسلم لیگ جن ناموں کی وجہ سے جمہوری کارواں میں ممتاز ہوسکی ہے ، پرویز رشید کا نام گویا ان میں ماہِ تاباں ہو جیسے۔جہل وتاریکی کے خوگر اس نام سے کس قدر خوف زدہ ہیں،یہ ان کے کاغذات مستردکئے جانے کے عمل سے واضح ہے،پرویز رشید نظریات پر سمجھوتہ کرنے کے فن سے کس قدر نابلد ہیں ،یہ جاننا ہو توجب جب مسلم لیگ مصلحت کی چادر اُوڑھ لیتی ہے ،آپ دیکھیں گے کہ پرویزرشیدنظروں سے اوجھل ہوجاتے ہیں ،جیسے ہی زورآوروں کیخلاف مسلم لیگ نعرہ مستانہ بلند کرتی ہے، طمانیت سے لبریز ناز وانداز سے پرویز رشید پہلی صف میں کھڑے نظرآجاتے ہیں۔محترمہ مریم نواز کی گھن گرج میں پرویز رشید کی سوچ واضح عمل پاتی دیکھی جاسکتی ہے۔یہ امر بھی کچھ کم خوش گمان نہیں، کہ وہ پیپلزپارٹی جو موقع پرستی کے حوالے سے اکثر تنقیدکی زد میں رہتی ہے، اُس نے سینیٹ میں نظریاتی اُمیدواروں کو آگے لانے کی اپنی روایت برقراررکھی ہے۔اپنے کرداروعمل سےپیپلزپارٹی کی توقیر کا سبب بننے والے فرحت اللہ بابراس مرتبہ بھی میدان میں ہیں،بابر صاحب نہ صرف اپنی جماعت بلکہ دیگر جماعتوں سمیت سیکولر اور جمہوری حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں ۔ تاج حیدرجو ترقی پسندوں کے امام ہیںپہلے بھی سینیٹررہ چکےہیںاور جمہوری جدوجہد کی ایک طویل تاریخ کے امین ہیں۔پیپلزپارٹی کی جانب سے نامور وکیل شہادت اعوان کو ٹکٹ دئیےجانے کا فیصلہ عوامی ہے،اس سے پارٹی کے اُن کارکنوں کو تقویت ملے گی جو پارٹی سے بےلوث وابستہ ہیں،جس جماعت پر وڈیروں کی جماعت کی چھاپ ہو،اُس جماعت میں شہادت اعوان جیسے درویشوں کا آگے آنا ایک پارٹی کی غیرطبقاتی سوچ کی عکاسی کرتاہے،مرنجاں مرنج شہادت اعوان کراچی کے تمام حلقوں میں ہردلعزیز ہیں۔پختونخوامیپ کی جانب سے موجودہ سینیٹر عثمان کاکڑ کو ٹکٹ ملناقوم پرستوں کے لئے چین کاباعث ہے، سینیٹرعثمان کاکڑ نے سینیٹ میں جرات مندانہ کردار اداکرکے گویا تاریخ کا قرض ادا کردیاہے۔اپنے اسی بے باکانہ کردار کی وجہ سے عثمان کاکڑ پاکستان ،افغانستان سمیت دنیا میں جہاں جہاں پختون آباد ہیں، قدرکی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ اے این پی نے بلوچستان سے دیرینہ وابستگی رکھنے والے ارباب ظاہرخان کے صاحبزادے ارباب فاروق عمر فاروق کو ٹکٹ دیاہے،اس خاندان نے پارٹی کی وجہ سے ملنے والی تمام مشکلات کا ہمیشہ مقابلہ کیا۔ راقم کی نظر میں مگر بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے معروف وکیل ساجدترین کوٹکٹ دینے کا فیصلہ جداگانہ اہمیت کا حامل اور مثالی ہے۔ طلبہ سیاست جب جوبن پر تھی تو ساجد ترین اے این پی کی دوست تنظیم پختون اسٹوڈینٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر تھے، عملی سیاست سے وابستہ ہونے کے بعد اے این پی سے بعض اختلاف کی وجہ سے وہ سردار عطاءاللہ خان کی رہبری اور اخترجان مینگل کی زیرصدارت سرگرم بلوچستان نیشنل پارٹی میں چلے گئے، بی این پی بلوچ اکثریتی عوام کی ایسی جماعت ہے جس میں پختون خال خال ہیں، پھر ساجد ترین کوئی سردار نہیں، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایسے سیاسی کارکن ہیں جنہوں نے ہر گاہ اپنے بیدار مغز، زیرک، شریف النفس اور جمہوری آدرشوں سے کمیٹٹد ہونے کا ثبوت فراہم کیا ہے، اس فیصلے سے عیاں ہے کہ جہاں بی این پی، سابق نیشنل عوامی پارٹی (نیپ )کی روایات کو آج بھی تھامے ہوئے ہے،وہاں طبقاتی حیثیت کی بجائے نظریہ،اہلیت اور جدوجہد اس کے مدنظر ہے۔اس میں دو رائے نہیں کہ پارلیمنٹ میں اس طرح کے بااصول لوگ بڑی تعداد میں موجود نہیں لیکن تاریخ گواہ ہے کہ بے ضمیروں کی فوج ظفر موج کیلئے چند باضمیر ہی کافی ہوتےہیں۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین