• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ میں ایک درگاہ ہے جہاں کچھ برگزیدہ لوگ سارا سال خدا کے آگے جھولی پھیلائے کھڑے رہتے ہیں۔ دن ہو یا رات، یہ وقت کی پروا کرتے ہیں اور نہ اپنے آرام کی، اِن کا تمام وقت اپنے رب سے علم کی طلب میں گزرتا ہے۔ اِن لوگو ں کی تپسیا میں ایسی شدت ہے کہ خدا انہیں مایوس نہیں کرتااور اِن کی جھولی علم کے موتیوں سے بھرتا رہتا ہے۔ یہ برگزیدہ بندے بھی خدا کا دیا ہوا علم اپنے آپ تک محدود نہیں رکھتے اور کوشش کرتے ہیں کہ اللہ کی مخلوق کے ساتھ یہ علم بانٹا جائے، سو جس کی جتنی توفیق ہوتی ہے اپنے دامن میںموتی بھر کر لے جاتا ہے۔ یہ درگاہ ہیوسٹن میں واقع ہے اور اِس کا نام ’ناسا‘ ہے۔ یہاں جو لوگ کام کرتے ہیں انہیں رب نے کتنا علم عطا کیا ہے اِس کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ آج سے چھ دن پہلے، 18فروری 2021کو اِن برگزیدہ بندوں کی بھیجی ہوئی خلائی مشین چھ کروڑ کلومیٹر کا سفر طے کرکے مریخ کی سطح پر اترگئی۔ مریخ اور زمین کے درمیان فاصلہ چالیس کروڑ کلومیٹر تک بھی چلا جاتاہے جبکہ اوسطاً یہ دونوںسیارے ایک دوسرے سے تقریباً بائیس کروڑ کلومیٹر کی دور ی پر واقع ہیں۔ یہ اُس علم کی معمولی سی مثال ہے جس میں دو سیاروں کے درمیان فاصلہ ماپنا بھی ایک پیچیدہ کام بن جاتاہے۔ علم کے اسی قبیلے میں اسٹیفن ہاکنگ نام کے بزرگ بھی گزرے ہیں، انہوں نے اپنی کتاب میں پیش گوئی کی تھی کہ سن 2070تک انسان مریخ پر اترنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ناسا والوں کی خلائی مشین تو مریخ پر اتر گئی ہے، دیکھتے ہیں کہ اگلے پچاس برسوں میں اس بزرگ کی بات سچ ثابت ہوتی ہے یا نہیں!

ﷲ کا ایک ایسا ہی بند ہ آسٹریلیا میں بھی رہتا ہے، یہ ساری رات اپنے گھر میں دور بین لگائے آسمان کو تکتا رہتاہے، اِس کا کام آسمانوں میں اپنے ربّ کے کرشمے تلاش کرنا ہے۔ اِن بزرگوار کا نام مولانا رابرٹ ایوانز ہے۔ یہ حضرت خلا میں ’سپر نووا‘ تلاش کرتے ہیں۔ سپر نووا اُس ستارے کو کہتے ہیں جس میں شدید دھماکے سے بےپناہ توانائی خارج ہوتی ہے، اتنی زیادہ کہ کھربوں سورج مل کر بھی وہ توانائی پیدا نہیں کر سکتے۔اِس عمل کے دوران سپر نووا اپنی کہکشاں کے باقی ستاروں کی مانند زیادہ چمکدار رہتا ہے اور پھر ’ختم‘ ہو جاتا ہے۔ ایسا سپرنووا اگر زمین سے پانچ سو نوری سال کے فاصلے پر برپاہو جائے تو یہاں زندگی فنا ہو جائے مگرہماری خوش قسمتی ہے کہ اِس قسم کا جو ستارہ سب سے قریب ہے وہ پچاس ہزار نوری سال کے فاصلے پر ہے۔ ایک کہکشاں میں یہ واقعہ اوسطاً دو تین سو برسوں میں ایک مرتبہ ہوتا ہے۔ مولانا ایوانز کی دوربین پچاس ہزار سے ایک لاکھ تک کہکشاؤں کو دیکھ سکتی ہے، 2003تک انہوں نے اپنے رب کا یہ کرشمہ چھتیس مرتبہ دیکھا۔ کبھی کبھار تین سال میں بھی کوئی سپر نووا نظر نہیں آیا اور کبھی دو ہفتوں میں تین مرتبہ یہ جلوہ دکھائی دے گیا۔ ربّ کی باتیں ربّ ہی جانے!

ایک صاحبِ کشف بزرگ یوکرائن میں بھی گزرے ہیں، نام تھا جارج گامو۔ ایک مرتبہ آپ مراقبے میں تھے کہ یہ راز منکشف ہوا کہ اگر یہ کائنات بگ بینگ کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے تو اُس ’واقعے‘ کی باقیات کے طو رپر ریڈیائی لہریں اب بھی کائنات میں موجود ہوں گی اور چونکہ یہ کائنات بے حد وسیع ہے تو زمین تک پہنچتے پہنچتے وہ لہریں اب تک مائیکرو ویو کی شکل میں آ چکی ہوں گی۔ اِن لہروں کو پکڑنے کے لیے سائیں گامو نے انٹینا کی طرز پر ایک آلے کا تصور پیش کیا جس کا کام اِن مائیکرو ویوز کو ریکارڈ کرنا تھا۔اب ایک اتفاق دیکھئے۔ 1964میں دو امریکی صوفیوں نے، جو پیشے کے اعتبار سے سائنس دان تھے، نیو جرسی کے مقام پر ایک بہت بڑا اینٹینا لگایا جو مواصلاتی مقاصد کے لئے تھا۔ اِس انٹینا نے مسلسل ایک آواز ریکارڈ کی جس کی اُن خدا کے بندوں کوسمجھ نہ آئی، انہوں نے انٹینا کی ہر طرح سے جانچ کی مگر آواز آنی بند نہ ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اُ ن سے محض پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر ’سائیں بابوں‘کی ایک علیحدہ ٹیم اُس آواز کو ریکارڈ کرنے کی کوشش کر رہی تھی جس سے نیو جرسی کے صوفیا پیچھا چھڑانے میں لگے تھے۔ یہ کائنات کے’ آغاز‘ کی آواز تھی، یہ وہ قدیم ترین روشنی تھی جو اب مائیکروویو کی شکل میں ڈھل کر اُن تک پہنچی تھی، اِن صوفیا کو معلوم ہی نہ ہو سکا کہ خدانے انہیں کیا ودیعت کر دیا ہے، وہ نوّے ارب کھرب میل پرے کائنات کے کونے سے ابتدائی اور قدیم ترین فوٹون ریکارڈ کر رہے تھے!!! مزید دلچسپ بات یہ کہ اِن صوفیوں اور سائیں بابوں کی ٹیموں کو پتا ہی نہیں تھا کہ روس کا ایک بزرگ 1940میں یہ پیش گوئی کرچکا ہے کہ کائنات کے آغاز کی آواز اب بھی اِس عالم میں موجود ہے۔ 1978میں نیو جرسی کے صوفیوں کو اِس کارنامے پر، جس میں اُن کا کوئی کمال تھا اور نہ ادراک تھا کہ وہ کیا ریکارڈ کر رہے ہیں، فزکس کا نوبل انعام دیا گیا۔

’من چلے کا سودا‘ اشفاق احمد کا شاہکار ڈرامہ ہے۔ اُس میں ایک کردار کہتا ہے کہ اب خدا تک پہنچنے کا راستہ بدل گیا ہے ’’اب طبیعات کو سمجھے بغیر ما بعد الطبیعات سمجھ نہیں آ سکتی۔ مراقبہ اب لیبارٹری میں ہوتا ہے۔ اگر تمہارا سائیں بننے کا اراد ہ ہے۔ صوفی بننے کا۔ تو اب ادھر سے آنا پڑے گا سائنس کے سمندر سے۔ سائنس کے ٹیچر نہ بن جانا، سائنس کے سادھو بننا،سائیں میکس پلانک کی طرح،سائیں نیلز بوہر کی طرح، بابا ردر فورڈ اور سائیں آئن اسٹائن کی طرح، تم پر زمانے کا باطن روشن ہونے لگے گا!‘‘ افسوس کہ اشفاق احمد جیسی توانا آواز بھی نقار خانے میں طوطی ہی ثابت ہوئی۔ گو کہ آج ہم بابے اور سائیں پیدا کر رہے ہیں مگر یہ وہ بابے نہیں جن کا ذکر اشفاق صاحب کر گئے تھے، یہ وہ بابے ہیں جو جہالت کا سپر نووا ہیں، ایسا سپر نووا جس کے معدوم ہونے کا اگلے کئی برس تک کوئی امکان نہیں۔

کالم کی دُم:اِس کالم میں سپر نووا،رابرٹ ایوانز اور کائنات کے آغاز میں جاری ہونے والی ریڈیائی لہروں اور اِس حوالے سے سائنس دانوں کی تحقیق اور دریافت کے تمام حقائق ’بِل برائسن‘ کی کتاب A Short History Of Nearly Everythingسے لئے گئے ہیں۔

تازہ ترین