• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوور سیز پاکستانی وطن عزیز کا سرمایہ ہیں، چوہدری آفتاب احمد

لاہور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے برطانیہ میں فوکل پرسن چوہدری آفتاب احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر کے وژن کے عین مطابق اوورسیز پاکستانیوں کے پنجاب میں مسائل اب ان کی دہلیز پر حل کروا کر دیں گے کیونکہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا سرمایہ ہیں اور ہمارے قائدین ان کو اپنے دل کے قریب سمجھتے ہیں جب سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے مجھے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت حل کروانے کی ذمہ داری سونپی ہے اس دن سے دن رات ایک کر کے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کروانے میں لگا ہوں، اللہ کا فضل ہے کہ کافی شکایات حل ہو چکی ہیں کچھ شکایات سست روی کا شکار تھیں جن کو حل کروانے کیلئے لندن سے لاہور آیا ہوں، انشااللہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں خود بیٹھ کر ان شکایات کو جلد سے جلد حل کروانے کی کوشش کروں گا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے صوبہ پنجاب میں درپیش مسائل پر آج وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادر سے ون ٹو ون ملاقات کے بعد وزیر اعلی سیکرڑیٹ کے ڈپٹی سیکرٹری فار اوورسیز ، ایس ایس پی لاء اینڈ آرڈر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجٹل سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی سے تفصیل گفتگو میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل جلد از جلد حل کروانے پر اتفاق کیا گیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور ہم ان کے دست و بازو بن کر ان کے شانہ بشانہ کام کریں گے، میرے دروازے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں میں وزیراعلٰی سیکریٹریٹ لاہور میں موجود ہوں اوورسیز پاکستانی مجھ سے کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حل کیلئے مل سکتے ہیں اور یقین دلاتا ہوں عثمان بزدار کی سرپرستی میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ضرور حل ہوں گے۔
تازہ ترین