اسلام آباد (نمائندہ جنگ)ڈپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کا اجلاس سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اعجاز منیر کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں پاکستان ایڈمنسٹر یٹو سروس ، پولیس سروس اور او ایم جی سے تعلق رکھنے والے گریڈ18 کے افسروں کو گریڈ19 میں ترقی دینے کی سفارش کی گئی ، ان ترقیوں کا با ضابطہ نو ٹیفکیشن اگلے ہفتے جاری کیا جا ئیگا۔ در یں اثناء سنٹرل سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی منظوری ایک معمہ بن گیا ہے، مختلف سروس گروپوں اور وزارتوں اور ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے گریڈ19اور20 کے افسروں کی ترقیوں کا معاملہ تعطل کا شکار ہے، سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس چار جنوری سے سات جنوری تک چیئر مین ایف پی ایس سی کی زیرصدارت ہواتھا لیکن 148دن گزرنے کے باوجود ابھی تک ان ترقیوں کا نو ٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، بورڈ کی سفارشات وزیر اعظم آفس کو بھجوا دی گئی تھیں ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذ رائع نے بتایا ہے کہ ابھی تک وزیر اعظم نے بورڈ کے منٹس کی حتمی منظوری نہیں دی،ایک مرتبہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے بعض وضاحتیں مانگی گئیں جو دیدی گئی ہیں لیکن اسکے باوجود وزیر اعظم آفس نے سفارشات کی منظوری نہیں دی، ترقی پانیوالے258افسروں میں بے چینی اور اضطر اب پا یا جا تا ہے۔