• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی قتل رپورٹ سے پہلے امریکی صدر کا شاہ سلمان کو فون

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکی صدر جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار سعودی عرب کے بادشاہ سلمان عبدالعزیز سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکا، سعودی عرب تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔

صدر بائیڈن کی جانب سے یہ ٹیلی فون کال ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ان کی انتظامیہ سعودی صحافی جمال خشوگی کی ہلاکت سے متعلق رپورٹ جاری کرنے والی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹیلی فون کال میں صدر بائیڈن اور شاہ سلمان نے خطے کی سیکیورٹی، یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے اقوامِ متحدہ اور امریکہ کی قیادت میں اقدامات سمیت سعودی عرب کو ایران کے حمایت یافتہ گروہوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے عزم پر تبادلۂ خیال کیا۔

وائٹ ہاؤس کے جاری اعلامیے میں انسانی حقوق کے متعدد سعودی نژاد امریکی کارکنوں اور خواتین کے حقوق کی رضاکار لجين الذلول‎ کی رہائی کا ذکر بھی ہے۔

اعلامیے میں جمال خشوگی کے حوالے سے اس رپورٹ کا تذکرہ نہیں ہے جو ممکنہ طور پر اس ٹیلی فون کال کے بعد کسی بھی وقت جاری کی جا سکتی ہے۔وائٹ ہاؤس نے یہ وضاحت بھی نہیں کی کہ کیوں خشوگی کا معاملہ اس اعلامیے میں شامل نہیں ہے۔

تازہ ترین