• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کیلئے پیش رفت بھارتی ذمہ داری، تنازعات طے کرنے کو تیار، مہم جوئی کا موثر جواب دیں گے، پاکستان


اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امن کیلئے مزید پیش رفت بھارت کی ذمہ داری ہے ، انہوں نے ایل او سی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ امن کے لئے کھڑے ہیں ، تمام حل طلب امور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لئے آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف فضائی حملے کی شکل میں بھارت کی غیرقانونی عاقبت نااندیش عسکری مہم جوئی پرہماری جوابی کارروائی کو 2 برس مکمل ہونےپرمیں قوم کو مبارکباد اور اپنی افواج کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدو جہد کیساتھ کھڑے ہیں،آپریشن سوئفٹ اسٹارٹ سے وطن کا بھر پور دفاع کیا، کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینگے،امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

پاکستان ذمہ دار ریاست ہے لیکن کسی منفی کوشش کا اٹل اور بھر پور عزم کے ساتھ جوا ب دیا جائے گا،اپنی سرحدوں کے دفاع کے لئے مکمل طور تیار ہیں، ان خیالات کااظہار مجاہد انور خان نے آپریشن” سوئفٹ ریٹارٹ “کی دو سری سالگرہ پر ایئر ہیڈکوارٹرزاسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے5 طیاروں کی فارمیشن نے شاندار فلائی پاسٹ بھی کیا تو ان کی گھن گرج سے فضا گونج اٹھی اور دلوں پر رعب و ہیبت طاری ہوگئی،شائقین نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خوب داد دی۔

جے ایف 17 تھنڈر کے 3 طیاروں کی فارمیشن نے بمباری کا مظاہرہ کیاجبکہ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے ایئر چیف مجاہد انور خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا، طلبہ نے ملی نغمے بھی پیش کیے،تقریب میں قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

ادھر دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت ، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کسی بھی خطرے یامہم جوئی کے خلاف متحد کھڑے ہیں اور ہمیشہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے آہنی عزم کے ساتھ کام کریں گے، یہ بات ہفتہ کو 27 فروری ، 2019 کو بھارت کی غیر ذمہ دارانہ فوجی مہم جوئی سے متعلق پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جوا/ب دینے کے تاریخی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہی گئی ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم دو سال قبل بھارت کی غیر ذمہ دارانہ فوجی مہم جوئی پر پاکستان کے منہ توڑ جواب کو بڑے فخر سے یاد کر رہی ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کے طویل تنازع کے پرامن حل کے لئے پرعزم ہے۔ 

پاک فوج کے ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان امن کیلئے کھڑا ہے ، جب للکارا گیا تو پوری قوت کے ساتھ جواب دیں گے۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے کے 2 سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے ترجمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا۔

انہوں نے لکھا کہ 27 فروری 2019 اس عہد کا دن ہے کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کا ہمیشہ دفاع کرے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے لکھا کہ عددی برتری نہیں بلکہ پرعزم قوم کی جرات اور حوصلہ آخر میں فتح دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ آپریشن سوئفٹ سٹارٹ سے وطن کا بھر پور دفاع کیا، کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینگے،امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان ذمہ دار ریاست ہے لیکن کسی منفی کوشش کا اٹل اور بھر پور عزم کے ساتھ جوا ب دیا جائے گا،اپنی سرحدوں کے دفاع کے لئے مکمل طور تیار ہیں۔

ان خیالات کااظہار مجاہد انور خان نے آپریشن” سوئفٹ ریٹارٹ “کی دو سری سالگرہ پر ایئر ہیڈکوارٹرزاسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

ایئر چیف مجاہد انور خان نے کہا کہ 27فروری وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان ایئر فورس نے اپنی روایات کو برقراررکھتے ہوئے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ، جس نے غلط اندازہ لگاتے ہوئے ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا۔ 

اپنی صلاحیت اور عزم کی بنیاد پر پاکستان ایئر فورس نے اس انداز سے جوابی کارروائی کی کہ جس پر ہماری قوم کو فخر ہے، پاک فضائیہ کے پائلٹس کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سلام پیش کرتا ہوں،ہم نے قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ثابت کیا کہ ہمارا کوئی ثانی نہیں اور ہم نے فضاءمیں اپنی برتری کو قائم کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان ایئرفورس کے تمام جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران پیشہ وارانہ صلاحیت، بہادری اور غیر متزلز ل عزم کا اظہار کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے اور اس کی مسلح افواج کسی بھی قیمت پر اپنی سرحدوں کے دفاع کے لئے مکمل طور تیار ہیں۔ 

تازہ ترین