• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر ماہا شاہ کی مبینہ خودکشی کیس کا حتمی چالان منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر )جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے ڈاکٹر ماہا شاہ کی مبینہ خودکشی کیس کا حتمی چالان منظور کرتے ہوئے حتمی چالان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کو ارسال کردیا۔حتمی چالان میں ڈاکٹر جنید، ڈاکٹرسیدوقاص رضوی،تابش یاسین اور سعد ناصر کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔ہفتے کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ڈاکٹر ماہا شاہ کی مبینہ خودکشی کیس کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر مقدمے کے تفتیشی آفیسر کی جانب سے مقدمے کا حتمی چالان پیش کیا گیا۔چالان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہا پہلے ہی پیغام دے چکی تھی کہ جنید میری موت کی وجہ ہوگی ، ڈاکٹر ماہا نےدلبرداشتہ ہوکر خود کو گولی مارنا جنید کے ساتھ رہنے سے بہتر سمجھا جبکہ متوفیہ کوکین سمیت دیگر نشہ آور چیزیں استعمال کرنے کی عادی تھی،متوفیہ کی سی ڈی آر سے ثابت ہوا کہ وہ منشیات فروش گروہ سے رابطے میں تھیں،ماہا شاہ کو ملزمہ انمول عرف پنکی کے کہنے پر منشیات فراہم کی جاتی تھی، متوفیہ کے ڈی این اے نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے تھے، ملزم جنید اور وقاص کو 5 مرتبہ ڈی این اے نمونے لینے کیلئے نوٹس جاری کیے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، دوران تفتیش جنید انکشاف کر چکا ہے متوفیہ سے گہری دوستی تھی۔ چالان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسالگتا ہے ملزمان زنا کے مرتکب ہوئے ہیں اور ملزمان ڈے این اے ٹیسٹ کیلئے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں ۔چالان میں ملزمان کے شواہد چھپانے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملزمان ثبوت جرم، شواہد غائب کرنے کا باعث بن رہے ہیں ، ملزم جنید نے ڈاکٹر ماہا شاہ پر تشدد کا بھی انکشاف کیا تھا ، ملزم جنید متوفیہ کو مار پیٹ اور تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور متوفیہ کئی کئی دن ملزم جنید کے ساتھ رہتی رہی ہے۔

تازہ ترین