• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کے بہتر امیج کیلئےتجاویز پر عمل کرینگے،آئی جی اسلام آباد

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے ریٹائرڈ پولیس افسران کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ پولیس کے بہتر امیج کے لئے آپ کی پیش کردہ تجاویزکو عملی جامہ پہنایا جائے گا، ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے باقاعدہ طور پر ایس او پی تیار کی جائے گی جس کے تحت ان کا پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں ایک سپوکس پرسن اور الگ سے کائونٹر قائم کیا جائے گا جن سے ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پولیس لائن ہیڈکوارٹرز اسلام آبادمیں ریٹائرڈ افسروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریٹائرڈ پولیس افسران نے تقریب کے دوران اپنے مسائل کے حل اور پولیس کی بہتری کے لئے تجاویز پیش کیں جن میں پنشن اور دیگر بقایا جات، دیگر اداروں کی طرز پر پولیس ہاؤسنگ سوسائٹی ، بذریعہ سٹیٹ آفس مکان کی الاٹمنٹ ،ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے والے کو میڈیکل بل کی کٹوتی، اسلام آباد کی سیکیورٹی و دیگر امور کے حوالے سے بھی تجاویز شامل تھیں ۔اس موقع پرانسپکٹرجنرل نے کہاکہ پولیس سروس کے دوران آپ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا فورس کی بہتری کے لئے آپ کے تجربات اور مشوروں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا ،آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ پولیس ملازمین کی ویلفئیر اور شہریوں کی سہولیات کے لئے بہت سارے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،جن میں پولیس ملازمین کے لئے طبی سہولیات و دیگر امور شامل ہیں، پولیس ٹریننگ سکول کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تفتیش کے نظام کو بہتر کیا گیا ہے تھانوں کی سطح پر بہترین انوسٹی گیشن افسران تعینات کئے ہیں۔ ایف آئی آر کا فوری اندراج ، شہریوں کی سہولیات کے لئے تھانوں میں باقاعدہ طور پر پولیس گائیڈ ز تعینات کئے گئے ہیں، تمام سینئر افسران کوہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں ،مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں سے ملاقات کریں اورپولیس کی طرف سے ان کی جان ومال کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے تحفظ کا احساس دلائیں ان سب اقدامات کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان بہتر روابط قائم کرنا اور پولیس کے سوفٹ امیج کو اجاگر کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پولیس کے بہتر اقدامات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی وجہ سے کرائم میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔
تازہ ترین