• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کا یوم حساب شروع ہوگیا، حمزہ، رہائی پر استقبال


لاہور (نیوز ایجنسیاں) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف کو جیل سے ضمانت پر رہا کردیا گیا، ان کی رہائی پر مریم نواز اور پارٹی کے دیگر قائدین اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ 

اس موقع پر حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ﷲ کی لاٹھی بڑی بے آواز ، عمران کا یوم حساب شروع ہوگیاہے، قوم کیلئے جتنی قربانیاں دینا پڑی دیں گے، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن متحد تھی اور رہے گی، اب دوبارہ ترقی کا سفر شروع کریں گے، اس کیلئے نوازشریف کو آنا ہوگا اور نیازی کو جانا ہوگا۔ 

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو ضمانت پر کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا، پارٹی کی نائب صدر مریم نواز سمیت اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، عہدیداروں اور کارکنوں نے حمزہ شہباز کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ریلی کی شکل میں کوٹ لکھپت جیل سے ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹائون لایا گیا۔ 

مریم صفدر اپنی گاڑی کی بجائے حمزہ شہباز کی گاڑی میں ہی سوار ہو کر استقبالیہ تک پہنچیں۔ حمزہ شہباز نے جیل سے رہائی کے بعد استقبالیہ کیمپوں میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین سال کے بدترین انتقام کے باوجود نوازشریف کے سپاہیوں کیخلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکا۔

براڈ شیٹ کیس میں خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں ، اس میں کمیشن مانگتے ہیں، ڈیوڈ روز کی خبر کا کاغذ لہرایا گیا منی لانڈرنگ ہوئی جب اس سے عدالت نے پوچھا تو کہتا کوئی ثبوت نہیں ہے، جب اس کو کچھ ملتا نہیں تو اس کو غصہ آتا ہے وہ غصہ آج 22 کروڑ عوام پر نکال رہا ہے، آٹے دال چینی میں 6 ہفتوں سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

یہ کہتے ہیں صاف چلی شفاف چلی، ایک طرف مفروضوں پر مبنی بیانات مسلم لیگ ن کی قیادت پر دوسری طرف آٹاچینی ادویات چور پکڑے جاتے ہیں، چینی چوری کرتے امپورٹ کرتے، پھرایکسپورٹ کرتے ، ادویات مہنگی کردی گئیں، آٹا چینی ادویات چور آج بھی کابینہ کا حصہ بنے بیٹھے ہیں، چوروں کو ساتھ بٹھا کر ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے۔

تازہ ترین