• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک قتل گاہ بن چکا،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،حافظ حمداللہ

کوئٹہ ( آئی این پی )جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سابق سینیٹر مولاناحافظ حمداللہ نے جمعیت علمااسلام اسلام آباد کے سالار قاری کرامت الرحمان کے بھائی مفتی اکرام کے بیٹے اور شاگرد سمیت شہید کرنے اور بلوچستان میں اے این پی کے صوبائی رہنما اسدخان اچکزئی کی المناک شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن وامان کے قیام میں ناکام ہوچکے ہیں، ملک کا چپہ چپہ قتل گاہ بن چکاہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، حکومت اور انتظامیہ عوام کو جھوٹی تسلیاں دینے کی بجائے عملی اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں عالم دین کےبیٹے اور شاگرد سمیت شہادت اور کوئٹہ میں اے این پی کے صوبائی رہنما کی شہادت انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، انہوں نے مطالبہ کیاکہ ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، ملک میں امن و امان کے قیام اور لاقانونیت کے خاتمے کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طورپر کارروائی کرنی چاہئے ۔انہوں نے شہدا کے بلند درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
تازہ ترین