• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بس ٹرمینلز بہتر بنانے کیلئے پنجاب ٹرمینل مینجمنٹ کمپنی بنانے کا فیصلہ

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں بس ٹرمینلز کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے پنجاب ٹرمینل مینجمنٹ کمپنی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کمپنی پنجاب میں 400 سے زائد بس ٹرمینلز کی دیکھ بھال کرے گی۔کابینہ سے حتمی منظوری پر پنجاب ٹرمینل مینجمنٹ کمپنی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ کمپنی کے قیام کی سفارشات پنجاب حکومت کو منظوری کے لئے ارسال کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ نے لاہور شہر بھر میں بس سٹاپ پر شیڈ بنانے کی منظوری دی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس سلسلہ میں تمام بس سٹاپ پر شیڈ بنانے کے لئے فنڈز مانگ لئے ہیں۔ محکمہ خزانہ نے شہر میں بس سٹاپ پر شیڈ بنانے کی منظوری دی ہے اور اب یہ کیس مزید منظوری کے کیبنٹ سب کمیٹی برائے خزانہ کو ارسال کی ہے جس کی منظوری کے بعد یہ تمام فنڈز جاری کر دئیے جائیں گے۔سابق دور حکومت میں تین جدید طرز کے بس ٹرمینلز کا منصوبہ بنایا گیا تھا، موجودہ حکومت نے فنڈ کی عدم دستیابی پر منصوبے کو زیرالتواء رکھا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریف کیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے یہ منصوبہ اب شروع ہونا چاہیے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ناصرف لاہور بلکہ ملتان میں بھی نئے جدید طرز کے بس ٹرمینلز بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
تازہ ترین