• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین کا دائرہ کار بتدریج کمیونٹی تک بڑھایا جائے گا،ربابہ بلیدی

کوئٹہ( خ ن)پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کووڈ ویکسین کا تناسب 47 فیصد ہے اور ابتک نو ہزار آٹھ سو 94 ہیلتھ کئیر ورکرز کی انسداد کورونا ویکسینیشن کی جاچکی ہے دوسرے مرحلے میں ویکسین کا دائرہ کار بتدریج کمیونٹی تک بڑھایا جائے گا اس مقصد کے لئے اندرون صوبہ 130 کورونا ویکسین مراکز قائم کئے گئے ہیں این سی او سی کے اعلان کے ساتھ ہی جنرل پبلک میں ویکسین کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ای پی آئی ڈائریکٹوریٹ بلوچستان میں بیک وقت 35 لاکھ کورونا ویکسین اسٹور کرنے کی گنجائش ہے ای پی آئی کی مجموعی کارکردگی قابل ستائش ہے یہ بات انہوں نےپیر کو ای پی آئی ڈائریکٹوریٹ بروری روڈکے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت نے کورونا ویکسین کولڈ اسٹوریج کا معائنہ کیا ای پی آئی پروگرام بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر اسحاق خان پانیزئی نے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو روٹین ایمیونائزیشن اور کورونا ویکسین کی اسٹوریج و اندرون بلوچستان ترسیل و استعمال کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی اس موقع کووڈ سیل کے سربراہ ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی اور ڈاکٹر سرمد خان بھی موجود تھے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کووڈ ویکسین کی اسٹوریج و رجسٹریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ویکسینیشن کے عمل کو سہل بنانے کی مقامی اسٹرٹیجی کو سراہا اور این سی او سی کو اس ضمن میں قابل عمل اقدامات اٹھانے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے جامع سفارشات مرتب کرنے کی یقین دہانی کرائی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کوروونا وائرس کی وباء کے دوران ای پی آئی کا فعال کردار نہایت اہمیت کا حامل رہا ای پی آئی نے کووڈ ویکسین کی ذمہ داری لیکر ایک بہت بڑے چیلنج کو قبول کیا انہوں نے کہا کہ کووڈ ویکسین کے لئے مرتب کردہ ڈیٹا اندرون بلوچستان صحت کی دیگر سہولیات کی پلاننگ کے لئے بھی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کی وباء نے جہاں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی وہاں طبی تاریخ کے نئے مشاہدات بھی سامنے آئے جن کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں مستقبل میں اسطرح کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔
تازہ ترین