• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ اضاخیل ڈرائی پورٹ غیر فعال ہو کر رہ گیا ہے،ضیاء سرحدی

پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر،پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی نے گزشتہ سال ماہ جنوری میں اضاخیل (پیر پیائی) ریلوے ڈرائی پورٹ کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بڑے زور وشور سے اس ڈرائی پورٹ کا افتتاح کیا تھا لیکن ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود یہ ڈرائی پورٹ فعال نہ ہو سکا حالانکہ حکومت نے نئے ڈرائی پورٹ میں ون ونڈو آپریشن اور مزیدسہولیات سے آراستہ قیام کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ پشاور سے کراچی ایکسپورٹ کارگو ٹرین چلائی جائے گی جس سے خیبرپختونخوا کے ایکسپورٹرز اور کاروباری لوگوں کو برآمدات میں کافی سہولتیں میسر ہونگی اور وہ اپنا ایکسپورٹ کارگو بیرون ملک اضاخیل ڈرائی پورٹ ہی سے بک کروا سکیں گے ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ گزشتہ 15سالوں سے ریلوے پشاورکینٹ ڈرائی پورٹ سے ایکسپورٹ کارگو ٹرین بند ہے حالانکہ ہمارے صوبہ خیبر پختونخوا کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی معدنیات کے علاوہ دیگر اشیاء سے نوازا ہوا ہے جس میں جیمز،ماربل،فرنیچر،ہینڈی کرافٹ،قالین،شہد ودیگر اشیاء کے علاوہ ماچس کی سب سے بڑی انڈسٹری ہمارے صوبے میں ہے۔یہ تمام برآمدی اشیاء بجائے ایکسپورٹ کارگو ٹرین ریلوے کے ذریعے نئے اضاخیل ڈرائی پورٹ سے ایکسپورٹ ہوںوہ پرائیویٹ ٹرکوں میں پشاور سے کراچی چلی جاتی ہیں اور کراچی ہی میں اس کی کسٹم کلیئرنس ہو کر مختلف بیرونی ممالک کو شپنگ ایجنٹس مال کوایکسپورٹ کر دیتے ہیں اس ظالمانہ اقدام سے ہمارے صوبے کے250سے زائد کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس بے روزگار ہوگئے ہیں اور یہ تمام محصولات جو کہ ہمارے صوبے کا حق ہے وہ صوبہ سندھ کو مل رہا ہے جس کی وجہ سے ہمارا موجودہ اضاخیل ڈرائی پورٹ غیر فعال ہو کر رہ گیا ہے۔اگر ہمارے صوبے کی ایکسپورٹ کو فروغ ملتا تو کروڑوں روپے کا زرمبادلہ بھی حاصل ہوسکتا تھااور اسی طرح کراچی پورٹ سے اپنا درآمدی سامان بذریعہ ٹرین اضاخیل ڈرائی پورٹ کے لئے منگوا سکتے تھے۔ جبکہ خیبر پختونخوا کے کارخانوں کے لئے خام مال ، ری کنڈیشن گاڑیاں ودیگر سامان بھی ریل کے زریعے منگواسکتے تھے جس سے پاکستان ریلویز کو کروڑوں روپے کا فریٹ کی مد میںاضافہ ہو سکتا تھا۔
تازہ ترین