• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن ، آٹھ پلازے سربمہر

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) آر ڈی اے کےلینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کے عملے نےغیر قانونی وغیر مجاز تعمیر شدہ تجارتی عمارتوں کے خلاف آپریشن میں آٹھ غیر قانونی پلازوں کو سربمہر کر دیا ۔راولپنڈی کے علاقے چکری روڈ پر موہڑہ چھپر ، حائل دھمیال اور موہری غازں میں عمارتوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔ بلڈنگ کنٹرول ونگ راولپنڈی میں آر ڈی اے کے زیر انتظام علاقے میں غیر قانونی و غیر مجاز کمرشل کم رہائشی تعمیراتی سرگرمیوں بشمول پلازوں ، دکانوں ، سکولوں اور دیگر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ان پراپرٹیز کے مالکان نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیٹس ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر کسی منظوری و این او سی غیر قانونی تجارتی عمارتیں تعمیر کی تھیں۔ آر ڈی اے ترجمان نے بتایا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ایل یو اینڈ بی سی ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجاوزات ، غیر قانونی و غیر مجاز تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطرکے سخت کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو بھی اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
تازہ ترین