• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ کرنے پر 32 ہزار 918 موٹرسائیکلسٹ کیخلاف کارروائی

پشاور( کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے بغیر ہیلمٹ کے ڈرائیونگ کرنے پر گزشتہ ماہ 32 ہزار 918 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہر کے تمام سیکٹروں میں شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کئے اور باقاعدہ انہیں ہیلمٹ کے استعمال کے فوائد اور نقصانات بارے آگاہی دی بعد ازاں ٹریفک عملے نے ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 32 ہزار 918 موٹر سائیکل سواروں کو چالان کیا ۔ واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے کارروائیوں کی وجہ سے 89 فیصد لوگوں نے ہیلمٹ کا استعمال شروع کر دیا ہے ۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ شہری موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں کیونکہ کسی حادثے کی صورت میں ہیلمٹ کے استعمال سے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل پر سفر کرنا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے کیونکہ موٹر سائیکل کی ڈرائیونگ مکمل طور پر غیر محفوظ ہے اس پر سفر کرتے وقت شہری ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور اوور سپیڈنگ سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلمٹ کے استعمال سے ہیڈ انجری سے بچا جا سکتا ہے شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خیال رکھیں۔
تازہ ترین