• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینک آف خیبر کا ٹیکس منافع ریکارڈ 3.80 ارب روپے رہا،شکیل قادر

پشاور(جنگ نیوز)بینک آف خیبر بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 165واں اجلاس چئیرمن بورڈ آف ڈائریکٹرز ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا- اجلاس میں سیکرٹری خزانہ عاطف الرحمان، بورڈ ممبران مقصود اسماعیل، جاوید اختر، اسد محمد اقبال، راشد علی خان،محترمہ صالحہ آصف اور ایم ڈی بینک آف خیبر احسان اللہ احسان نے شرکت کی- بینک آف خیبر کا سال 2020 میں قبل از ٹیکس منافع ریکارڈ 3.80 ارب روپے، جبکہ بعد از ٹیکس منافع 2.15 ارب روپے رہا ۔ بنک کا پچھلے سال 2019 میں منافع 1.3 ارب تھا اس سال منافع میں 64فیصد کا تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا بینک نے اس سال شئیر ہولڈرز کو 1.5 ارب روپے ڈیویڈنڈزکی مد میں ادا کئے جوکہ 1.5 روپے فی شئیر بنتے ہیں اس کے علاوہ بینک نے 5 فیصد اضافی بونس شئیرز بھی جاری کئے ۔بینک آف خیبر نے اس سال فی شئیر 2.1 روپے کمائے جو 2019 میں 1.3 روپے تھے۔بینک آف خیبر کے ذخائر میں 11.47 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 203 ارب روپے سے تجاوز کرگئے۔ بینک آف خیبر کے قرضے 129 ارب رہے جبکہ بینک کی سرمایہ کاری 113 ارب روپے رہی۔بینک آف خیبر بورڈ کی جانب سے ادارے کی ہر شعبے میں کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا گیا ۔چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عالمی وبا ءکی مشکل ترین صورتحال کے باوجود تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بینک کی مینجمنٹ اور ملازمین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بینک کی اطمینان بخش کارکردگی پاکستان کی معیشت کے لئے سود مند ثابت ہوگی اور بینک آف خیبر بھی مزید مستحکم ہو گا۔اس کے ساتھ ساتھ بینک آف خیبر کی جانب سے بینک کی برانچوں کو خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں تک وسعت دی جارہی ہے جس سے متعلقہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔بینک آف خیبر کی راست اسلامی بینکاری کی مقبولیت بھی دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور بینک کی 94 برانچیں شریعت سے مطابقت رکھنے والے پراڈکٹس اور سروسز فراہم کررہی ہیں۔بینک آف خیبر صوبے میں عوامی ترقی اور خوشحالی کا عزم رکھتا ہے اور یہ شاندار کارکردگی بینک کے عزم پر عوام کے مضبوط تر اعتماد کی منہ بولتی مثال ہے۔
تازہ ترین