• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکارہ نفیسہ علی ماضی کو یاد کرنے لگیں

ماضی میں کینسر کو شکست دینے والی بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نفیسہ علی نے اپنی جوانی کی دلکش تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔

نفیسہ علی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے ماضی کی نایاب تصویریں شیئر کی ہیں۔


تصویریں بےرنگ یعنی بلیک اینڈ وائٹ ہیں جبکہ یہ تصویریں نفیسہ علی کی جوانی کے دنوں کی ہیں جن میں وہ بےحد خوبصورت لگ رہی ہیں۔

نفیسہ علی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’مجھے اپنی یہ پُرانی تصویریں ملیں اور ان میں میری عُمر 20 برس تھی۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے لکھا کہ ’میں نے اپنی زندگی اپنے دل میں ایک گیت کے ساتھ گزاری ہے۔‘

نفیسہ علی کی تصویروں کو اُن کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ 64 سالہ بالی ووڈ اداکارہ نفیسہ علی سال 2018 میں کینسر کا شکار ہوگئی تھیں جس کے بعد اُنہوں نے اپنا علاج کروایا اور اس موذی مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہوئیں۔

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نفیسہ علی بھارتی ریاست بنگال کے شہر کولکتہ میں ایک مسلم گھرانے میں پیدا ہوئیں، وہ سال 1976 میں ’مِس فیمینا انڈیا‘ منتخب ہوئی تھیں۔

’مِس فیمینا انڈیا‘ منتخب ہونے کے بعد نفیسہ علی نے ’مِس انٹرنیشنل‘ کے مقابلۂ حسن میں بھی حصہ لیا لیکن اداکارہ وہ مقابلہ جیت نہ سکیں اور اُنہوں نے دوسری رنر اپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔

نفیسہ علی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بنگالی فلموں سے کیا تھا تاہم سال 1979ء میں انہوں نے ہندی فلموں میں اپنے کام کا آغاز کیا اور اُن کی پہلی ہندی فلم ’جنون‘ تھی۔

بالی ووڈ اداکارہ نفیسہ علی نے بھارتی اداکار امیتابھ بچن اور اجے دیوگن کی فلم ’میجر صاحب‘ میں اُن کے ساتھ کام کیا، اس کے علاوہ وہ  اکشے کمار کی فلم ’بے وفا‘ میں بھی نظر آئیں۔

نفیسہ علی نے ’لائف ان اے میٹرو‘ اور ’یملا پگلا دیوانہ‘ سمیت دیگر بالی ووڈ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اس کے علاوہ نفیسہ علی نے سیاست کی دُنیا میں بھی قدم رکھا اور وہ سال 2004ء میں کولکتہ سے لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئیں۔

نفیسہ علی نے سال 2009ء میں بھی انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن وہ جیت نہیں سکی تھیں۔

تازہ ترین