• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم سائنہ کے پوسٹر پر تنقید کے بعد ہدایتکار کی وضاحت سامنے آگئی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی نئی آنے والی فلم ’سائنہ‘ کے پوسٹر پر تنقید کے بعد فلم کے ہدایت کار کی وضاحت سامنے آگئی ہے۔خیال رہےکہ گذشتہ دنوں پرینیتی چوپڑا کی نئی آنے والی فلم ʼسائنہ کا پہلا پوسٹر شدید تنقید کی زد میں آگیا ہے۔دراصل پوسٹر میں ایک بنیادی غلطی کی گئی ہے اور وہ یہ ہےکہ شٹل کاک کو ہاتھ اوپر کرکے اچھالتے ہوئے دکھایا گیا ہے تاہم بیڈمنٹن میں ایسا نہیں ہوتا بلکہ بیڈمنٹن کھلاڑی ہاتھ نیچے کرکے قدرے الگ طریقے سے شٹل کاک کو ہٹ کرتے ہیں اور اس طرح ٹینس کے کھلاڑی گیند کو ہٹ کرنے کے لیے یہ انداز اپناتے ہیں۔ٹوئٹر صارفین نے شدید تنقید کرتے ہوئےسوال کیا ہے کہ یہ سائنہ نہیوال کی بائیوپک ہے یا ثانیہ مرزا کی؟اب فلم کے ہدایت کار امول گپتا نے پوسٹرکے بنیادی خیال کو ناقدین کے سامنے بیان کیا ہے۔امول گپتا نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا ہےکہ فلم کے پوسٹر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کافی کچھ کہا جارہا ہے، تاہم حقیقت یہ ہے کہ اس میں کوئی غلطی نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک نظریہ ہے، پوسٹر میں ہاتھ کو شٹل کاک کو پکڑنے کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے اور ہاتھ میں پہنی ہوئی بھارتی جھنڈے والی رسٹ بینڈ تمام بھارتی لڑکیوں کی نمائندگی کرتی ہے جو کہ بیڈ منٹن میں اپنا مقام بنانا چاہتی ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اتنے بہترین پوسٹر پر لوگوں نے بلا سوچے سمجھے فوری طور پر تنقید کرنا شروع کردی۔واضح رہے کہ پرینیتی کی نئی آنے والی فلم ʼ سائنہ بھارت کی مشہور بیڈمنٹن کھلاڑی سائنہ نہیوال کی زندگی پر مبنی ہے۔رپورٹ کے مطابق فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی ہے اور 26 مارچ کو اسے ریلیز کیا جائےگا۔

تازہ ترین