• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی عوام اب عمران خان کیساتھ نہیں،پیپلزپارٹی

لاہور(سپیشل رپورٹر) پیپلز پارٹی پنجاب نے یوسف رضا گیلانی کی جیت کی خوشی میں جشن منایا، ڈھول کی تھاپ پر جیالوں نے رقص کیا، پارٹی آفس جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پاکستانی عوام اب عمران خان کیساتھ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہونے والے ضمنی و سینیٹ انتخابات نے پی ٹی آئی حکومت کو گھر جانے کا واضح پیغام دے دیا ہے۔ چودھری اسلم گل نے کہاکہ نالائق وزیراعظم کی شکست پر آج پورا ملک خوشی منا رہا ہے۔ آپ ہار چکے ہیں۔ جلد حکومت سے بھی فارغ ہوں گے۔ مقررین نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کی جیت کی خوشی میں چودھری اسلم گل نے کیک کاٹا اور جیالوں میں مٹھائی تقسیم کی۔ تقریب میں حاجی عزیز الرحمن چن،ملک عثمان، سونیا خان ،جمیل منج سمیت پارٹی عہدیداروں اور سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔ پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت پر وزیر اعظم نے اقتدار چھوڑنے اور دوبارہ انتخاب کرانے کا بیان دیا تھا وزیر اعظم اپنے بیان پر یوٹرن لینے کی بجائے مستعفی ہو جائیں۔
تازہ ترین