• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی سطح پر خواتین کو نظرانداز کیا جارہا ہے، حافظ نعیم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین کے تحت ”عالمی یوم خواتین“ کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں ”عورت اور فیملی ازم“ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، اسماء سفیر، ڈاکٹر شمائلہ نعیم، طلعت یاسمین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین نے 8مارچ پیر کو کراچی پریس کلب پر خواتین کے حقوق کے حصول کے سلسلے میں آگاہی واک کرنے کا اعلان کیا۔کانفرنس ہال میں کتابوں کے اسٹالز، سوشل میڈیا ٹیم اور ایک بڑے اسکرین بھی نصب کی گئی تھی۔ کانفرنس میں اپنے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر خواتین کو نظرانداز کیا جارہا ہے خواتین معاشرے کا آدھا حصہ ہے، اسلام میں عورت کے اخراجات کی ذمہ داری شوہر، باپ، بھائی، رشتہ دار معاشرے سمیت ریاست پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کا انتظام چلانے والی خواتین بھی ورکنگ وویمن ہیں، اسلام نے عورت کو حقوق اور وراثت میں حصہ دیا گیا ہے، اسلام نے عورت کو تعلیم حاصل کرنے کا مکمل حق دیا ہے، جبکہ مغرب کے معاشرے میں حال یہ ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے قیام کے طویل عرصے کے بعد 1920میں ایک خاتون کو پہلی بار ڈگری جاری کی گئی تھی۔

تازہ ترین