• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے لچے لفنگوں نے شرفا پر حملہ کیا، ہمت ہے تو اعتماد کا ووٹ براہ راست عوام سے لو، فضل الرحمٰن

سکھر(بیورورپورٹ ،جنگ نیوز ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی امیرمولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے کہ پارلیمنٹ لاجر کے سامنے اپوزیشن قیادت کے انتہائی معزز رہنمائوں پر پی ٹی آئی کے لچے لفنگوں نے حملہ کیا اور ایسی بداخلاقی اور بدکرداروں سے ملک نہیں چلا کرتے۔

پی ٹی آئی والوں تمہارا حکمراں آج ہے کل نہیں ہوگا، تمہیں گلی کوچوں میں چلنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی،ساری رات ممبرز کے دروازے کھٹکھٹا کر ووٹ لیے گئے، آج کے اجلاس کو تسلیم کرتے ہیں نہ اعتماد کے ووٹ کو تسلیم کرتے ہیں، عمران خان ہمت ہے تواعتماد کا ووٹ براہ راست عوام سے لو۔ 

سکھر میں آغا ایوب شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مخاطب کرکے کہا کہ تمہارا حکمران آج ہے کل نہیں ہوگا، تمہیں گلی کوچوں میں چلنے کی جگہ نہیں ملے گی اس لیے شرافت کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں ورنہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیناجانتے ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ اسٹیل ملز ملازمین نے کونسی کرپشن کی کہ ان کو ملازمت سے نکالا، پی آئی اے کے ملازمین نے کونسی کرپشن کی ؟ 

تعجب ہے کہ آج وزیرِ اعظم عمران خان نے پھر سے ریاستِ مدینہ کی بات کی، وہ کس منہ سے ریاستِ مدینہ کی بات کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں کہ ریاستِ مدینہ کا نظام نافذ کریں گے، کبھی چائنہ کے نظام کو آئیڈیل کہتے ہیں، کبھی امریکا، کبھی ایران کے بہتر نظام کی بات کرتے ہیں۔ 

یہ کہتے ہیں کہ کروڑوں گھر بنا کر دیں گے، تم الیکشن سے پہلے عوام کو سبز باغ دکھاتے رہے ہو، الیکشن کمیشن کے ممبران کو دبائو میں لاتے ہو، کون آپ پر اعتماد کرے گا، تم نے خود جائیداد بنائی ہے، 12 لاکھ میں بنی گالہ کا محل ریگولرائز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان کی پوری کارروائی کو مسترد کرتے ہیں، واضح اعلان کرتا ہوں کہ پی ڈی ایم آج کے اجلاس کو آئینی نہیں سمجھتی، ایوان کی پوری کارروائی کو مسترد کرتے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عمران خان ناجائز حکمران ہے، 2018 میں ان کی اکثریت جعلی تھی اور آج بھی جعلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس جعلی وزیر اعظم کی سمری پر بلایا گیا یہ سب ڈھونگ جو رچایا گیا ہے اس میں آپ نے پھر وہی پرانی باتیں الاپی ہیں۔پی ڈی ایم کے صدر نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے کل کے اجلاس میں طے کیا جائے گا ،نیب کو ختم کرنے کے مطالبے پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم عمران خان کی کسی گفتگو کو سچ نہیں مانتے ہیں ۔

تازہ ترین