• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنازع کشمیر حل نہ ہونے سے برصغیر کا امن تباہ ہوسکتا ہے، خواجہ سلیمان

برمنگھم(پ ر )مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو برصغیر کا امن کبھی بھی تباہ ہو سکتاہے، بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، مسئلہ کشمیر پر دونوں کے درمیان پہلے بھی جنگیں ہو چکی ہیں۔ بھارت کے وزیر اعظم نریندر موودی نے حالات مزید خراب کر دیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر انفارمیشن سنٹر کے چیئرمین خواجہ محمد سلیمان نے برمنگھم ٹریڈ کونسل کے ماہانہ آن لائن اجلاس میں کیا۔ جس میں مختلف یونین کے نمائندوں نے شرکت کی، جن کی تعداد ساٹھ سے اوپر تھی۔ خواجہ محمد سلیمان کو کشمیر پر خصوصی خطاب کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔ اجلاس کی صدارت برمنگھم ٹریڈ کونسل کے صدر این سکاٹ نے کی اور نعیم مالک نے سیکرٹری کے فر ائض ادا کئے۔ خواجہ سلیمان نے کہا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے اس کے مستقبل کا فیصلہ کرنا کشمیری عوام کا حق ہے۔ بھارت کے انتہا پسند لیڈر نریندر موودی نے کشمیر کے حالات مزید خراب کر دیئے ہیں۔ ایک سال سے اوپر وہاں پر لاک ڈاؤن کر کے بھی بھارت کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبا نہیں سکا۔ لاکھوں بھارتی افواج بھی کشمیریوں کا سر نہیں جھکا سکیں، وہ ان مشکل حا لات میں بھی اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں عالمی برادری کو کشمیریوں کی حمایت کرنا چاہیئے۔برمنگھم ٹریڈ کونسل کے صدر این سکاٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار داوں میں موجود ہے۔ استصواب رائے سے کشمیریوں کی مرضی معلوم کی جاسکتی ہے اور یہی اس مسئلہ کا حل ہے ،سٹاپ دی وار کے رہنما سٹیورٹ رچرڈسن نے کہا کہ ہم کشمیر کاز کی حمایت کرتے ہیں اور ہم برطانوی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ میں اٹھائے اور بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ کشمیریوں پر ہر قسم کا ظلم وستم بند کرے۔ نعیم مالک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اسرائیل فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیاں آباد کر رہا ہے بھارت نے بھی یہی پالیسی کشمیر میں اپنائی ہے اور اس نے بھارت کے مختلف علاقوں سے انتہا پسند ہندوؤں کو لا کر کشمیر میں آباد کرنے کی پالیسی پر عمل شروع کر دیا ہے۔ دفعہ 370 ختم کرنے کا یہی مقصد تھا۔
تازہ ترین